0
Thursday 24 May 2018 21:31

پاکستان میں کام کرنیوالے امریکی سفارتی اہلکاروں کیساتھ برا سلوک کیا جا رہا ہے، مائیک پومپیو

پاکستان میں کام کرنیوالے امریکی سفارتی اہلکاروں کیساتھ برا سلوک کیا جا رہا ہے، مائیک پومپیو
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں سفارتخانے اور قونصل خانوں میں کام کرنے والے امریکی اہلکاروں کے ساتھ برا سلوک کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کی خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ سفارت کاروں سے سلوک حقیقی مسئلہ ہے، امریکہ کو اس حقیقی مسئلے سے بھی نمٹنا ہوگا، جس کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفارت کاروں پر سفری پابندی کے جواب میں حال ہی میں پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جن میں نقل و حرکت سے پہلے پاکستانی دفتر خارجہ سے اجازت، ایک سے زائد پاسپورٹ پر پابندی، سفارتخانے کی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی عدم اجازت اور بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر فون سمز جاری نہ کرنے جیسی پابندیاں شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکہ کی جانب سے پاکستانی سفارت کاروں پر لگائی جانے والی سفری پابندی کے مطابق سفارت کار بغیر اجازت نامے کے 25 میل سے باہر نہیں جاسکیں گے اور اس سے زائد نقل و حرکت کے لئے انہیں اجازت نامہ سفر سے 5 روز قبل لینا ہوگا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں پر پابندی کا اطلاق ان کے اہلخانہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پناہ گاہوں اور دہشت گردی پر اُکسانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا انحصار دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لئے پاکستان کی آمادگی پر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ 2018ء کے دوران پاکستان کو بہت کم فنڈز جاری کئے گئے، باقی فنڈز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ فنڈز بھی کم ہی ہوں گے۔ خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ میں مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا معاملہ ان کے دل کے قریب ہے اور وہ یہ مقصد حاصل کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں برس یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گذشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔
خبر کا کوڈ : 727144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش