0
Friday 25 May 2018 17:00

کینیڈا، بھارتی ریسٹورنٹ میں دھماکا، 15 افراد زخمی

کینیڈا، بھارتی ریسٹورنٹ میں دھماکا، 15 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کینیڈا کے شہر مسیسواگا میں بھارتی ریسٹورنٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو کے مغرب میں واقع شہر مسیسواگا میں بھارتی ریسٹورنٹ بومبئی بھیل میں رات 10.30 منٹ پر دھماکے کی آواز سنی گئی۔ دھماکے کے فوری بعد مقامی پولیس اور ریکسیو کے اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمی ہونے والے افراد کو کینیڈا کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں 3 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ 2 مشتبہ شخص نے فرار ہونے سے قبل ریسٹورنٹ میں دیسی ساختہ بم نصب کیا، جو کچھ دیر بعد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث 2 ملزمان کی تصویر جاری کی گئیں، جس میں مبینہ ملزمان کو گہرے رنگ کے سویٹر نما شرٹ اور ٹوپی پہنے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ انہوں نے اپنے چہروں کو کپڑے سے ڈھانپ رکھا تھا۔ دوسری جانب مقامی ایمبولینس سروس کا کہنا تھا کہ مسیسواگا میں ہونے والے اس دھماکے میں شہریوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے، جن میں سے 3 افراد کو شدید زخم آئے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ دھماکا ٹورنٹو میں ہونے والے اس واقعے کے ایک ماہ بعد پیش آیا، جس میں ایک ڈرائیور نے شہریوں پر وین چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ مسیسواگا کا شمار کینیڈا کے چھٹے بڑے شہر میں ہوتا ہے اور یہاں کی آبادی 7 لاکھ سے زائد ہے، جن میں زیادہ تر تارکین وطن شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 727231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش