0
Friday 25 May 2018 23:34

فاروق ستار کی مہاجر اتحاد تحریک کو وزیراعلیٰ سندھ مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت

فاروق ستار کی مہاجر اتحاد تحریک کو وزیراعلیٰ سندھ مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف ہفتے کو لیاقت آباد میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی ہے، جسے ڈاکٹر سلیم حیدر نے قبول کرتے ہوئے تمام مہاجر کارکنوں، ہمدردوں اور مہاجر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتے کو لیاقت آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔ سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مہاجروں کو لعنت دے کر اپنے اندر کے تعصب اور گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا ہے، جسے مہاجر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ یا تو مہاجر قوم سے معافی مانگیں ورنہ سندھ میں احتجاج کیا جائے گا، مہاجر نہ تو کسی دھونس یا دھمکی میں آئیں گے اور نہ ہی اپنے مقصد اور اپنی منزل سے لاتعلقی اختیار کریں گے، اس طرح کی دھمکیوں اور گیدڑ بھپکیاں پہلے بھی دی جاتی رہی ہیں، ہم نے ہر دور میں ان کا مقابلہ کیا ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ علیحدگی پسندوں کے ہیڈکوارٹر دادو میں رہنے والے مراد علی شاہ روز اول سے مہاجر دشمنی میں ڈوبے ہوئے ہیں، وہ پاکستان کا پرچم لہرانے والی پنو عاقل کی چھاؤنی کے خلاف تحریک چلانے والوں، علیحدگی پسندوں کو لعنت دینے کے بجائے انہیں درپردہ سپورٹ کرتے ہیں، لیکن اب وہ اسمبلی کے فلور پر مہاجروں کے خلاف زہر اُگل کر ہیرو بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر صوبہ اب مہاجروں کی منزل و مقصد بن چکا ہے، اس سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ جس قدر جلدی ہو سکے، مہاجر صوبے کا فیصلہ کرلیں، ہم وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے صوبے کا آئینی، قانونی اور قانونی مطالبہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 727286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش