0
Saturday 26 May 2018 23:45

مقتدر قوتیں گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات پر کان دھریں، علامہ ناصر عباس

مقتدر قوتیں گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات پر کان دھریں، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ فاٹا کا قومی دھارے میں انضمام خوش آئند ہے، فاٹا کی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان و افغانستان کی ایما پر فاٹا ریفارمز بل کی مخالفت کرنے والے وطن عزیز کے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام بھی مقتدر قوتوں کی طرف نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہیں کہ کب انہیں بھی آئینی حقوق اور شاخت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فاٹا ریفارمز بل کی ایوان بالا سے منظوری کے بعد میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ فاٹا کی محب وطن عوام نے ایک طویل عرصہ مشکلات برداشت کی ہیں، ایف سی آر جیسے کالے قانون نے عوام کی محرومیوں اور تکالیف میں اضافہ کیا۔ فاٹا ریفرمز بل اب کے پی کے اسمبلی میں پیش ہونے جا رہا ہے۔ لیکن کچھ دشمن کی آلہ کار قوتیں فاٹا کے انضمام کی مخالفت کر رہی ہیں اور کے پی کے اسمبلی میں فاٹا ریفارمز بل پیش کرنے کے وقت ہنگامہ آرائی کرکے ماحول کو کشیدہ کرنا چاہتی ہیں۔ فاٹا کے انٖضمام کے مخالفین ملک کے امن اور ترقی کے مخالف ہیں اور ہندوستان و افغانستان کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام بھی مقتدر قوتوں کی طرف نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہے کہ کب انہیں بھی آئینی حقوق اور شاخت دی جائے گی۔ گلگت بلتستان کی محب وطن عوام اس وقت ہر شہر میں احتجاجات اور سمینارز کے ذریعے اپنی آواز مقتدر حلقوں تک پہنچانا چاہ رہی ہے۔ پاکستان کی ترقی اور مستقبل گلگت بلتستان سے جڑا ہوا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام کو جلد از جلد آئینی و قانونی حقوق دینا وقت کی سب سے اہم ضرورت اور ملکی امن اور ترقی کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 727514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے