0
Monday 28 May 2018 13:13

اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس ناصر الملک کے نام پر اتفاق ہوگیا

اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نگران وزیراعظم کیلئے جسٹس ناصر الملک کے نام پر اتفاق ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے، بلآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیراعظم کے لئے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے لئے جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا چناؤ مشکل کام تھا، تاہم آج بھی تاریخی دن ہے اور ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، ایسا فیصلہ جو پاکستان کے عوام اور سیاسی پارٹیوں کے لیے قابل قبول ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) ناصرالملک کا نام ہم نے پارٹی میں مشاوت کے بعد منتخب کیا، 6 ناموں میں سے 4 نام زیر غور آئے، جس میں سے جسٹس (ر) ناصر الملک کو منتخب کیا، اب جو پارٹی الیکشن جیت کر آئے گی، جسٹس (ر) ناصرالملک حکومت ان کے حوالے کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر)  ناصرالملک کے نام پر سب متفق ہیں، کئی ہفتوں سے اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری تھا، اس پر فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، لیکن اپوزیشن جماعتوں اور قائد حزب اختلاف کا شکر گزار ہوں۔ اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے معاملے پر متعدد ملاقاتیں ہوئیں، جس میں نگراں وزیراعظم کے لئے کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا، تاہم آج کی ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہوا اور نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کر لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 727869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش