0
Wednesday 30 May 2018 11:42

بلوچستان کابینہ کا اجلاس، متعدد منصوبوں کی منظوری

بلوچستان کابینہ کا اجلاس، متعدد منصوبوں کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گذشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر دو ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیلکن پولیس فورس کی بروقت جوابی کارروائی میں دو دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے پر فیلکن پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کے لئے مالی انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہماری فورسز دہشت گردوں کو اسی طرح ان کے انجام تک پہنچاتی رہیں گی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبے میں طویل خشک سالی اور کم بارشوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکنے اور خالی ڈیموں کو بھرنے کے لئے صوبائی حکومت اور غیر ملکی کمپنی کلائمٹ گلوبل کنٹرول ٹریڈنگ کے ساتھ معاہدہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت کمپنی ابتدائی طور پر آزمائشی بنیادوں پر مکران ڈویژن کے ضلع گوادر میں دس ہزار سکوائر کلو میٹر پر مشتمل علاقہ میں واقع چار ڈیموں کے کیچمنٹ ایریا پر مصنوعی بارش برسائے گی۔ آزمائش کی کامیابی کی صورت میں حکومت بلوچستان مجوزہ کمپنی کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کرے گی، جو صوبے کے مختلف حصوں بالخصوص کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں میں مصنوعی بارش برسائے گی، جس سے زیر زمین پانی کو ریچارج کرنے میں مدد ملے گی۔

کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ کمپنی دبئی اور ایران میں مصنوعی بارش کے کامیاب تجربات کرچکی ہے، جبکہ اس منصوبے کو تکنیکی ماہرین کی مکمل مشاورت کے بعد عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ کابینہ نے مجوزہ منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ ماحولیات اور آبپاشی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو دبئی جاکر مجوزہ منصوبے کے ماڈل کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔ صوبے میں جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے قائم فنڈز کے بہترین استعمال کو یقینی بنانے کے لئے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ابتدائی طور پر حکومت صوبے بھر سے جسمانی طور پر دو ہزار معذور افراد کو ماہوار چار ہزار روپے وظیفہ فراہم کرے گی اور بعد میں دیگر امدادی اداروں کے تعاون سے وظیفہ کی رقم میں اضافے کے ساتھ ساتھ معذور افراد کی تعداد کو بھی بڑھایا جائے گا۔ جبکہ جسمانی معذور افراد کے فنڈز کو 500 ملین سے بڑھا کر 2000 ملین کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے صوبے میں اقلیتی برادری کی کمیونل جائیدادوں کے تحفظ کے لئے بلوچستان پروٹیکشن آف کمیونل پراپرٹیز بل 2017ء کی منظوری دی، جسے جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ کابینہ نے دفتروں اور دیگر عوامی مقامات پر کام کرنے والی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں ہراساں کرنے سے روکنے کے لئے بلوچستان پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس رولز 2018ء کی منظوری دی۔
خبر کا کوڈ : 728297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش