0
Thursday 31 May 2018 22:46

وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے جنوبی سندھ صوبہ ضروری ہے، آفاق احمد

وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے جنوبی سندھ صوبہ ضروری ہے، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد سے انکی رہائش گاہ پر ناظم آباد اور سخی حسن سے آنے والے مہاجر عمائدین نے ملاقات کی اور جنوبی سندھ صوبہ کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے جنوبی سندھ صوبے کا قیام ضروری ہے، آدھی صدی سے کراچی کے وسائل سے پورا صوبہ بلکہ پورا ملک فیضیاب ہو رہا ہے، اگر محروم ہیں تو صرف کراچی سمیت شہری سندھ میں رہنے والے مہاجر، اس ناانصافی کا خاتمہ جنوبی سندھ صوبہ بنا کر ہی کیا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ناظم آباد اور سخی حسن سے آنے والے مہاجر عمائدین نے ملاقات اور جنوبی سندھ صوبہ کی تحریک پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کے وڈیروں اور جاگیرداروں کی مہاجر دشمنی دو چار دن کا قصہ نہیں، جب سے مہاجر قوم سندھ میں آباد ہوئی، تب سے ہی وڈیرہ شاہی کا تعصبانہ برتاﺅ دیکھ رہے ہیں، اسی لئے مہاجر قومی موومنٹ نے 90ء کی دہائی میں جنوبی سندھ صوبہ تحریک کا آغاز کر دیا تھا اور صوبے کی حمایت میں لاکھوں لوگوں نے دستخطی مہم میں حصہ لیا تھا، عید کے بعد دستخطی مہم دوبارہ شروع کی جائے گی۔

آفاق احمد نے کہا کہ آج ہم کراچی کا موازنہ لاہور اور اسلام آباد سے کرتے ہیں، تو سوائے اندھیروں کے کچھ نظر نہیں آتا، روشنیوں کے شہر کو جس بے دردی سے تاریکی میں ڈبویا گیا، اسکی مثال نہیں ملتی، لیکن ہم مایوس ہیں اور نہ میری قوم ناامید، اپنا شہر، اپنے وسائل اور اپنے زور بازو کی طاقت سے دوبارہ بنائیں اور سنواریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے وسائل پر پہلا حق یہاں رہنے والوں کا ہے، اگر یہ حق تسلیم کیا جاتا تو شائد صوبہ کی ضرورت ہی نہ پڑتی، لیکن اب اسکے سوا کوئی چارہ نہیں کہ اپنی قوم کے بزرگوں، نوجوانوں، ماﺅں اور بہنوں کو جنوبی سندھ صوبہ کی اہمیت سے آگاہ کریں اور اپنی قوم کی طاقت و حمایت سے جنوبی سندھ صوبہ کا حصول ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ صوبہ کے قیام کیلئے جدوجہد طویل ہو سکتی ہے، لیکن یہ طوالت ہمارے راستہ میں حائل نہیں ہوگی اور تحریر، تقریر اور دلائل کی سیاست سمیت پُرامن اور جمہوری طریقہ کار سے جنوبی سندھ صوبہ کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا، مہاجر عوام اس بار الیکشن میں اپنا ووٹ جنوبی سندھ صوبہ کے حق میں استعمال کریں۔
خبر کا کوڈ : 728698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش