QR CodeQR Code

مرادن، لوڈشیڈنگ کیخلاف پر تشدد احتجاج، 100 سے زائد مظاہرین گرفتار

4 Jun 2018 18:55

بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف اہلیان مایار نے ڈنڈا بردار جلوس نکال کر شہر میں جگہ جگہ توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین کیخلاف پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی جبکہ 100 سے زائد کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ مردان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف اہلیان مایار نے ڈنڈا بردار جلوس نکال کر شہر میں جگہ جگہ توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین کے خلاف پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی جبکہ 100 سے زائد کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مردان کے علاقے مایار کے مکینوں نے مساجد کے لاوڈ سپیکروں کے ذریعے افطاری کے بعد احتجاج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد عشاء کے وقت سینکڑوں لوگوں نے ڈنڈا بردار جلوس نکال کر شہر میں شمسی روڈ، کالج چوک اور دیگر مقامات پر توڑ پھوڑ کی اور واپڈا کے ریونیو آفس پر ہلہ بول دیا۔ مظاہرین ریونیو آفس سے تھوڑے فاصلے پر واقع بجلی گھر پر ہلہ بولنے جا رہے تھے لیکن اسی اثنا پولیس نے انہیں روک لیا۔

پولیس نے شیلنگ, لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کر لیا۔ اس سلسلے میں مردان پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ شب مردان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین نے سرکاری و پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچایا ہے، جس پر 100 سے زائد مشتعل مظاہرین افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور انکے خلاف مقدمہ درج ہو کر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا والوں نے ان کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اور طویل لوڈ شیڈنگ کے علاوہ 2 دن سے بجلی بند ہے اور افطاری یا سحری کے موقع پر بھی بجلی کی فراہمی بند رہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 729540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/729540/مرادن-لوڈشیڈنگ-کیخلاف-پر-تشدد-احتجاج-100-سے-زائد-مظاہرین-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org