0
Wednesday 6 Jun 2018 15:53

کراچی، یوم علیؑ کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں، باجماعت نماز ظہرین دوران جلوس ادا

کراچی، یوم علیؑ کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں، باجماعت نماز ظہرین دوران جلوس ادا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں یوم شہادت امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام کی جانب رواں دواں ہے، جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم شہادت امام علیؑ کی مرکزی مجلس 11 بجے نشتر پارک میں برپا ہوئی، جس سے علامہ کمیل مہدوی نے خطاب کیا، جس کے بعد نشتر پارک سے ہی جلوس برآمد کیا گیا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے۔ مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک ہیں، مرکزی جلوس کے شرکاء کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین کا انتظام مرکزی جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے کیا گیا، جہاں 2 بجے دن عزادارانِ امام علیؑ نے علامہ شاہد رضا کاشفی کی زیر اقتداء باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ امام علیؑ نے لاپتہ شیعہ افراد و اسیران کی بازیابی و رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ 

مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف پلان مرتب کیا گیا ہے، پولیس کے پانچ ہزار سے زائد اہلکار اور افسران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جلوس کے موقع پر ٹریفک پلان بھی مرتب کیا گیا ہے، اس موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ مرکزی جلوس کے روٹس سے رکاوٹوں اور پتھاروں کو ہٹا دیا گیا۔ جلوس کے روٹ کو 6 سیکٹرز اور 15 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پلان کے تحت 40 ایمبولینسیز مجوزہ پوائنٹس پر تعینات کی گئی ہیں۔ کیمرے کی آنکھ جلوس کے مکمل روٹ کی نگرانی کر رہی ہے، نشتر پارک سے برآمد ہونے ہونے والا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سی بریز ،صدر دواخانہ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس موڑ، کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 729909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب