0
Wednesday 6 Jun 2018 17:32

رسول اللہ (ص) کی حمایت، نصرت اور اطاعت سیرت علی (ع) کا سب نمایاں پہلو ہے، آغا سید حسن

رسول اللہ (ص) کی حمایت، نصرت اور اطاعت سیرت علی (ع) کا سب نمایاں پہلو ہے، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابیطالب (ع) کے یوم شہادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے اہتمام سے حسب عمل قدیم کشمیر کے اطراف و اکناف میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کے سب سے بڑے اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں منعقد ہوئے۔ امام باڑہ بڈگام میں عقیدتمندوں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مولائے کائنات (ع) کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا سید حسن نے کہا کہ حضرت علی (ع) وہ ذات اقدس ہیں جن کو بچپن سے ہی صحبت و تربیت رسول (ص) نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے بذات خود علی (ع) کی پرورش کی ذمہ داری لی اور جس ذات کو سرور کونین (ص) کا سایہ سرپرستی نصیب ہوا ہو اس کی عظمتوں کا کوئی اندازہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امام علی (ع) کا کردار و عمل قرآن و اسوۂ رسول (ص) کا عملی نمونہ ہے اور رسول اسلام (ص) کی حمایت و نصرت اور اطاعت علی (ع) کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ علی (ع) کی ذات اقدس اسلام و مسلمین کی سربلندی کی علامت ہے اور آپ کا کردار و عمل اسلام و مسلمین کی حفاظت کا لائحہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی (ع) سے محبت و عقیدت کا اولین تقاضا اطاعت رسول (ص) اور شریعت کی پیروی و پاسداری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ائمہ معصومین (ع) کے ایام ولادت یا شہادت کی مجالس کا بنیادی مقصد یہی ہوتا ہے کہ لوگوں کو دین و شریعت کی پیروی اور پاسداری کی طرف متوجہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 729924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش