0
Thursday 7 Jun 2018 00:35

سکردو کے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنیکی مہم میں شامل

سکردو کے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنیکی مہم میں شامل
اسلام ٹائمز۔ مشہور فرانسیسی کوہ پیما مارک بیٹرڈ نے سکردو سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو پانچ سالہ کوہ پیمائی پروگرام مائنٹ ایوریسٹ اور اس سے آگے کے کوہ پیمائی کے پروگرام میں شامل کر لیا، کوہ پیمائی سے متعلق پاکستانی تنظیم الپائن کلب آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق مشہور فرانسیسی کوہ پیما مارک بیٹرڈ نے پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو نیپال کے پسانگ نورو شیرپا کے ساتھ پانچ سالہ کوہ پیمائی پروگرام ماونٹ ایورسٹ اور اس سے آگے کے کوہ پیمائی کے پروگرام میں شامل کر لیا ہے۔ ماونٹ ایورسٹ اور اس سے آگے کے کوہ پیمائی کے اس پروگرام کے تحت کوہ پیماوں کی تین رکنی ٹیم 2019ء میں نانگا پربت، 2021ء میں کے ٹو کی چوٹی سر کرے گی، جبکہ یہ ٹیم سال 2022ء میں مارک بیٹرڈ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کی سب سے بڑی چوٹی ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا پروگرام بھی رکھتی ہے۔ مارک بیٹرڈ نے اپنی حال ہی میں پاکستانی سفیر معین الحق سے ہونے والی ایک ملاقات میں اپنے کوہ پیمائی کے منصوبے اور نیپال میں کوہ پیمائی کے سکول کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے مارک بیٹرڈ کو ماونٹ ایورسٹ اور اس سے آگے کے پانچ سال کے کوہ پیمائی کے پروگرام میں پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو شریک کرنے اور پاکستان میں بھی کوہ پیمائی کے بارے میں تعلیم و تربیت دینے کیلئے سکول کھولنے کی تجویز تھی۔

ملاقات کے دوران، مارک بیٹرڈ نے پاکستانی سفیر کو اپنے ساتھ پاکستان کے دوروں کے دوران پیش آنے والے شاندار اور خوشگوار تجربات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محمد علی سدپارہ کے اس کوہ پیمائی کے پروگرام کی تین رکنی ٹیم میں شمولیت سے پاکستان کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ تین رکنی ٹیم آنے والے پانچ سال میں کوہ پیمائی کے پروگرام کے دوران دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرے گی۔ جس میں پاکستان کی دو بلند ترین چوٹیاں بھی شامل ہیں۔ دنیا کی گیارہ بلند ترین چوٹیوں میں سے پانچ پاکستان میں واقع ہیں۔ واضح رہے کہ سکردو کے نواحی گاﺅں سدپارہ سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ، سائمن مورو اور الیکس ٹیکسکون اٹلی کے کوہ پیماوں کے ہمراہ 2016ء کے موسم سرما میں نانگا پربت کی چوٹی (8126 m) کو سر کرنے کے علاوہ دنیا بھر کی درجنوں چوٹیوں کو بھی سر کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 730019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش