0
Friday 8 Jun 2018 13:20

کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروپ کے قریب پہنچ چکے ہیں، معظم جاہ انصاری

کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروپ کے قریب پہنچ چکے ہیں، معظم جاہ انصاری
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ اس وقت کوئٹہ شہر کی آبادی 22 لاکھ ہے، جبکہ شہر میں 7 لاکھ گھر ہیں۔ ان سب کی حفاظت کرنا، پولیس کا فرض ہے۔ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ کے آفس میں ایگل اسکواڈ کو مزید 100 موٹر سائیکل دینے کی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گذشتہ روز ارباب کرم خان روڈ پر پولیس وین پر نامعلوم افراد نے جو فائرنگ کی تھی، اس گروپ کے قریب ہم پہنچ گئے اور اس کی نشاندہی بھی ہوگئی ہے کہ اس میں کونسا گروپ ملوث تھا، اسے جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ آج ایگل اسکواڈ کو مزید 100 موٹر سائیکلیں دی گئی۔ ایک موٹر سائیکل پر دو پولیس اہلکار موجود ہوں گے۔ اس طرح کوئٹہ شہر میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایگل اسکواڈ اپنا اہم رول ادا کریگا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت دیگر اعلٰی فوجی حکام نے پولیس کو جو ٹریننگ دی ہے، اس کے ہم مشکور ہیں۔ وی آئی پی موومنٹ، ریڈ زون، اہم قبائلی شخصیات، دکانوں، پلازوں کے حفاظت کرنا بھی پولیس کے فرائض میں شامل ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے پولیس کیلئے جو خصوصی گرانٹ دینے کا اعلان کیا تھا، اس کیلئے ایک ارب روپے کا اضافی فنڈ کی ضرورت ہے۔ جیسے ہی حکومت اسے پورا کرے گی وہ پولیس کے محکمے کو مل جائیگا۔ ہمیں روزانہ دھمکیاں ملتی ہے، مگر ہم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ ڈیوٹی دیتے ہیں۔

یوم حضرت امام علی (ع) کے موقع پر بھی ہمیں اطلاع دی گئی کہ خودکش حملہ ہوسکتا ہے، مگر ہم نے جانوں کی پرواہ کئے بغیر 10 ہزار سے زیادہ نفری کوئٹہ شہر میں تعینات کیں اور یوم امام علی (ع) کے موقع پر نکالے گئے جلوسوں کی نگرانی کی۔ دہشتگردوں کے کوئٹہ شہر میں مختلف گروپ کام کر رہے تھے، ان میں سے کافی گروپوں کا صفایا کرلیا گیا ہے۔ جو چند ایک بچ چکے ہیں، ان پر بھی قابو کرلیا جائیگا۔ ایگل اسکواڈ کو کاغذات چیک کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہوگا، لیکن شک کی بناء پر صرف اسلحہ کا سامان چیک کرنے کا اختیار ان کے پاس ہوگا۔ اس وقت کوئٹہ شہر میں ایگل اسکواڈ کے دو سو موٹر سائیکل گشت پر ہے۔ اس طرح ٹوٹل 4 سو پولیس اہلکار کوئٹہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنے سمیت دیگر امور کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ہمارا ویژن اور مشن یہ ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو ہر حالت میں برقرار رکھا جائے۔ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا مسئلہ بہت اہم ہے اور اسے حل کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا انٹیلی جنس سے رابطہ مکمل ہے اور جہاں ضرورت ہو وہاں چھاپہ مار کر دہشتگردوں کو گرفتار کرتے ہیں۔ اب تک ہم نے کئی دہشتگردوں کو گرفتار کرکے لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 730314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش