0
Friday 8 Jun 2018 20:02
لاہور کی تاریخی مال روڈ مردہ باد اسرائیل، مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونج اٹھی

لاہور میں عالمی یوم القدس ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت، مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

لاہور میں عالمی یوم القدس ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت، مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی یوم القدس منایا گیا۔ لاہور میں بھی تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیراہتمام اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی ہال تک القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے مرکزی نائب صدر جمیل عباس طوری، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ مبارک موسوی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ ابوذر مہدوی، آئی ایس او لاہور کے ڈویژنل صدر علی رضا نے کی۔ ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی (نیازی) تحریک منہاج القرآن، امامیہ آرگنائزیشن، جامعہ المنتظر، تحریک انصاف، جمعیت اہلحدیث پنجاب، ادارہ تنزیل، پاکستان عوامی تحریک، علمائے مدارس جعفریہ کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈز، امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی و امریکی پرچم مال روڈ پر بچھائے گئے تھے۔ جن کو شرکائے ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار نفرت کرتے رہے۔ ریلی کے شرکاء امریکہ و  اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس اور حزب اللہ کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا مسلسل مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیش پاکستان کے مرکزی نائب صدر جمیل طوری نے کہا کہ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اس کا خاتمہ ہے۔ فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک نے گزشتہ 70 برسوں میں متحد ہوکر کوئی آواز بلند نہیں کی۔ جب بھی فلسطین کے غیور مسلمانوں کو  ضرورت پڑی مسلمان ممالک نے بجائے ان کی مدد کے اپنے بارڈر بند کرکے اسرائیل کی درندگی میں اس کا بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے آج سے 38 سال قبل دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور ہے۔ عالم اسلام کو چاہیے کہ اس ناسور کو چڑھ سے اکھاڑ دے۔ یوم القدس کے دن امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت یافتہ صہیونی حکومت اور نام نہاد انسانی حقوق کے کھوکھلے دعویداروں کی مار دھاڑ اور غارت گری اس دن کے منانے سے بے نقاب ہوتی ہے۔ اسی لئے وہ اس دن کی مخالفت اور بیخ کنی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے۔ امام خمینی (رہ) نے فلسطینیوں کی حمایت میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کی داغ بیل ڈالی اور تب سے یہ دن فلسطینیوں کی حمایت اور استکباری صہیونی قوتوں کے مظالم کیخلاف دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ صہیونی حکومت آج دہشتگردی، بچوں کے قتل، غاصبانہ قبضے جاہلیت اور نسل کشی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس دہشتگردی کے مظہر، صہیونزم کے شر سے نجات پانے کے عزم کا اظہار ہے۔ امام خمینی (رہ)نے اپنی عالمانہ نظر اور دوراندیشی سے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا۔ اور دنیا کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں کو اس موقع پر مظاہروں کی دعوت دے کر مسئلہ فسلطین کو دبانے اور بیت المقدس پر قبضے کی پالیسیوں کو خاک میں ملا دیا۔ بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے فلسطین کو غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا درالحکومت تسلیم کرکے امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل کر دیا گیا ہے، جو مسلمانوں کے جذبات کو نہ صرف مجروح کرنے کے متراف ہے بلکہ دنیا بھر کے حکمران مسلمانوں کیلئے باعث شرم بھی ہے کہ جو قبلہ اول کے تقدس اور ناموس کی پامالی پر بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ناصرف خاموش ہیں بلکہ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو آزادی فلسطین کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی حکمران سیاسی سطح پر پس پردہ اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات کو ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی واضح دلیل اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ کے اجلاس میں کیا گیا خطاب ہے کہ پاکستان فلسطین کے مسئلہ کا حل دو ریاستی نظریہ کو سمجھتا ہے۔ ان کا یہ بیان کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔ اسرائیل کیساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قابل قبول نہیں، اسرائیل کیساتھ صرف جنگ ہوگی۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام مسلم ممالک مسئلہ قدس کو حل کروانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ فلسطین پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 730363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش