QR CodeQR Code

لاہور، ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیراہتمام القدس ریلی، اسرائیلی پرچم نذر آتش

8 Jun 2018 20:52

مقررین نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم قتل و غارت گری اور اسرائیلی کھلی جارحیت و دہشتگردی کا سخت نوٹس لے نیز انہوں نے تمام مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کا مکمل سفارتی، اقتصادی و معاشی بائیکاٹ اور اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دلوانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں جو ان کا فرض منصبی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے کارکنوں نے جمعتہ الوداع یوم القدس پر لاہور ودیگر شہروں میں القدس جلوس و ریلیاں نکالیں اور تحفظ القدس مظاہرے کیے گئے۔ لاہور میں حرمت القدس مظاہرہ شالیمار روڈ گڑھی شاہو پر قائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان کی قیادت میں کیا گیا اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین نے بطور نفرت و اظہارِ مذمت کے طور پر ایک بڑا اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ممتاز اعوان، ڈاکٹر شاہد نصیر، محمد ریاض چودھری، مولانا محمود الحسن قاسمی، حافظ شعیب الرحمن، قاری اعجاز، پیر ایس اے جعفری اور میاں محمد نعیم نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی مکمل آزادی اور اس کے تقدس کا تحفظ دنیا کی ایک چوتھائی قوم دو ارب مسلمانوں کا ایمانی فرض ہے دنیا بیت المقدس میں اسرائیلی دارالخلافہ اور امریکی سفارتخانہ کے قیام کو مسترد کرچکی ہے، حال ہی میں اقوام متحدہ اسرائیل کے حق میں امریکی قرار داد کو بھی مسترد کر چکی ہے، جس کا ہم بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔ مقررین نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم قتل و غارت گری اور اسرائیلی کھلی جارحیت و دہشتگردی کا سخت نوٹس لے نیز انہوں نے تمام مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کا مکمل سفارتی، اقتصادی و معاشی بائیکاٹ اور اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دلوانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں جو ان کا فرض منصبی ہے۔


خبر کا کوڈ: 730372

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/730372/لاہور-ورلڈ-پاسبان-ختم-نبوت-کے-زیراہتمام-القدس-ریلی-اسرائیلی-پرچم-نذر-ا-تش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org