0
Friday 8 Jun 2018 21:44

پاراچنار، عالمی یوم القدس کا جلوس مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں پُر امن طور پر اختتام پذیر

پاراچنار، عالمی یوم القدس کا جلوس مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں پُر امن طور پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح پاراچنار میں بھی آج جمعہ الوداع کے موقع پر عالمی یوم القدس منایا گیا، جس کے سلسلے میں مدرسہ خامنہ ای پاراچنار سے یوم القدس کا جلوس برآمد ہو کر مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق امام خمینی اور اسکے سچے جانشین آیۃ اللہ خامنہ ای کے حکم پر اسرائیل کے ظلم و بربریت، نیز فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آج جمعہ کو پوری دنیا کے ممالک اور شہروں میں یوم القدس کے نام پر احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ اسی تناظر میں آج پاکستان کے مغربی سرحدی شہر پاراچنار میں بھی تحریک حسینی کے زیرِ اہتمام اور سابق سنیٹر علامہ سید عابد حسینی الحسینی کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس کا اہتمام کیا گیا، جس میں علاقائی تنظیموں اور علماء کرام کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ احتجاجی جلوس نماز جمعہ کے بعد مدرسہ رہبر معظم انقلاب پاراچنار سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں، خامنہ ای روڈ، شنگک روڈ، کشمیر چوک، کڑمان اڈہ اور نظر بندی چوک وغیرہ سے ہوتا ہوا شہید پارک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ اس موقع پر تحریک حسینی کے سرپرست اعلٰی علامہ سید عابد حسین الحسینی، صدر تحریک مولانا یوسف حسین جعفری اور مولانا سید کوثر شیرازی نے خطاب کیا۔

علامہ سید عابد حسین الحسینی نے فلسطینوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی پشت پر موجود ممالک، امریکہ، یورپ اور بالخصوص عرب ممالک کی ایماء پر یہ ظلم و بربریت کر رہا ہے۔ بے غیرت عرب کچھ دیگر اسلامی ممالک کیساتھ مل کر یمن کی مظلوم قوم کیخلاف طاقت مظاہرہ کر رہا ہے، جبکہ یہی ممالک فلسطین کے خلاف اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ علامہ سید عابد حسین الحسینی نے پاراچنار میں ہونے والے پے درپے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں دھماکے ہوئے جس کے بعد حکومت نے کئی دھماکوں اور سہولتکاروں کی نشاندھی بھی کی، مگر آج تک کسی سہولتکار کو سزا نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد یا علاقوں نے خودکش بمباروں کو سہولت فراہم کی، ان کے خلاف اگر کارروائی عمل میں آتی، تو زندگی بھر یہاں کوئی دھماکہ نہ ہوتا۔ تحریک حسینی کے صدر مولانا یوسف حسین جعفری نے کہا کہ قدس مسلمانوں کا اولین قبلہ ہے، جس پر یہودیوں نے زبردستی قبضہ جما لیا ہے۔ جلوس کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے جھنڈوں کو نذر آتش کیا گیا۔ بعد ازاں احتجاجی جلوس پرامن طور پر آر پی چوک، پیواڑ اڈہ، جیل روڈ اور پنجابی بازار سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پہنچ گیا۔ مرکزی امام بارگاہ میں علامہ سید محمد حسین طاہری نے مصائب امام حسین علیہ السلام اور دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 730380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش