0
Friday 8 Jun 2018 23:44

کراچی، شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام علامہ ساجد نقوی کی قیادت میں القدس ریلی کا انعقاد

کراچی، شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام علامہ ساجد نقوی کی قیادت میں القدس ریلی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے زیر اہتمام صوبے بھر میں عالمی یوم القدس کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ مرکزی القدس ریلی ایس یو سی کراچی کے زیر اہتمام شاہین کمپلیکس تا کراچی پریس کلب نکالی گئی، جس کی قیادت ایس یو سی کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کی۔ القدس ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل و امریکا مخالف نعرے درج تھے، ریلی کے اختتام پر کراچی پریس کلب کے باہر القدس جلسہ منعقد ہوا، اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر و ایس یو سی کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ایم اے و مرکزی سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، جے یو پی کے مرکزی رہنما مولانا اویس نورانی، علامہ شبیر حسن میثمی، صدر ایس یو سی سندھ علامہ ناظر عباس تقوی، ڈویژنل صدر علامہ کامران حیدر عابدی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز، در محمد کربلائی، امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ صدیقی، عارف ترابی و دیگر نے خطاب کیا۔

ریلی کے شرکاء سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ نصف صدی سے مسلمانوں کی مشترکہ میراث قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی جبر و تشدد ایک ہی منظر اور ایک ہی نقشہ پیش کر رہا ہے، قبلہ اول کی آزادی صرف عالم اسلام یا کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں، بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے، لیکن ذمہ داری کے لحاظ سے اس کا تعلق براہ راست امت مسلمہ سے بنتا ہے، اس لئے دنیا بھر کی مسلم اقوام کیلئے چیلنج کی حیثیت حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل انکار حقیقت ہے کہ اتحاد امت ہی مسلمانوں کی مشکلات کا حل ہے، مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک مؤقف اختیار کریں، تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور لبنانی عوام کی اسلامی مزاحمتی تحریکیں اس وقت اپنی جدوجہد کو جس موڑ پر پہنچا چکی ہیں، اس مرحلے پر کہا جا سکتا ہے کہ اب ماضی کی نسبت عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین نئے انداز اور نئی جدوجہد سے ابھر کر سامنے آیا ہے، دنیا اب نئے زاویے سے مسئلہ فلسطین کی طرف متوجہ ہو چکی ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی بیت المقدس کو اسرائیل کے شکنجے سے آزاد کرا سکتا ہے، تمام عالم اسلام کو چاہیے کہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دہشتگردی کا بانی اور موجد ہے، جبکہ لاکھوں فلسطینیوں کا خونِ ناحق بھی امریکی ہاتھوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، جبکہ امریکا اسرائیل کو اربوں ڈالرز کا اسلحہ فوجی مدد کے نام پر دیکر مظلوم انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہو رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں اور مسلمانوں کا اہم مقدس مقام قبلہ اول آزادی کے انتظار میں ہے۔ خطابات کے دوران شرکاء نے امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور ،فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی و دیگر فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ آخر میں امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذرِ آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 730387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش