0
Saturday 9 Jun 2018 19:34

افغان طالبان کا عید الفطر کے موقع پر 3 روز کیلئے جنگ بندی کا اعلان

افغان طالبان کا عید الفطر کے موقع پر 3 روز کیلئے جنگ بندی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے عید الفطر کے موقع پر تین دن کے لئے افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے تاہم اس کا اطلاق غیرملکی افواج پر نہیں ہوگا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان طالبان نے اپنے گروپ میں شامل تمام جنگجوؤں کو ہدایت کی ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات میں اپنی تمام کارروائیاں روک دیں لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ انھیں حملے کی صورت میں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ خیال رہے کہ 2001 میں امریکہ کے افغانستان میں حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکام کے مطابق صوبے کندوز میں طالبان اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان لڑائی میں کم از کم 19 پولیس اہلکار اور 9 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ طالبان نے کہا ہے کہ یہ حملہ انھوں نے کیا تھا۔ اس سے قبل مغربی صوبے ہرات میں صوبائی حکومت کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ جمعہ کو طالبان نے ایک حملے میں کم از کم 17 افغان فوجی ہلاک کر دیے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس حملے میں آٹھ طالبان بھی ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے گذشتہ ہفتے ہی افغان حکومت نے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ طالبان کا فیصلہ شدت پسندوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ یہ سمجھ سکیں کہ ان کی پرتشدد مہم افغان عوام کے دل و دماغ نہیں جیت رہی بلکہ انھیں افغان عوام سے الگ تھلگ کر رہی ہے۔ افغان حکومت نے اگرچہ طالبان کو جنگ بندی کی پیشکش کی تھی تاہم اس نے خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والے شدت پسند گروہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ بھی واضح نہیں کہ جنگ بندی کا اطلاق کب سے ہوگا کیونکہ عید الفطر کا اعلان چاند نظر آنے پر ہوگا تاہم افغان حکومت کے کلینڈر کے مطابق رمضان کا اختتام 15 جون کو ہوگا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں اس کی فوج اور اتحادی جنگ بندی کا احترام کریں گے۔ خیال رہے کہ اس وقت افغانستان میں غیر ملکی افواج کی تعداد 15 ہزار کے قریب ہے اور گذشتہ برس امریکی صدر نے فوج کو نکالنے کی ڈیڈ لائن دیے بغیر ملک میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں اضافے کا حکم دیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 730613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش