QR CodeQR Code

عید کے بعد آئندہ انتخابات کی حکمت عملی کا اعلان کرینگے، خرم نواز گنڈا پور

10 Jun 2018 14:57

پی اے ٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ہر قسم کی دھاندلی اور دباؤ سے آزاد ماحول میں رائے دینے کا حق دیا جائے۔ دھن، دھونس، دھاندلی سے اسمبلیوں میں جانیوالے ملک و قوم کی خدمت نہیں کرسکتے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرکے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی حرکت کی، ساری زندگی سیاست میں بسر کرنیوالے سیاسی، جمہوری اخلاقیات کی الف ب بھی نہ سمجھ سکے۔ حسن عسکری پڑھے لکھے شخص ہیں، ان کیخلاف نون لیگی مہم قابل مذمت ہے، نون لیگ کے واویلے سے لگ رہا ہے کہ پنکچر لگنے کی سہوت ملنے کی ان کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ انہوں نے نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری کی طرف سے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ استعمال نہ کرنے اور غیر ضروری پروٹوکول نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکنا ہی اصل حب الوطنی اور گڈ گورننس ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عید الفطر کے بعد آئندہ انتخابات کی حکمت عملی کا اعلان کرینگے۔ ہمارے لوگ از خود قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کا غذات جمع کروا رہے ہیں، جب ٹکٹ کے اجراء کا مرحلہ آئے گا تو حتمی اعلان کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات کی سکروٹنی کے عمل کو جتنا وقت درکار ہے، نہیں دیا جا رہا، اس مختصر وقت میں امیدوار کی اہلیت جاننا اور اس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی صداقت کو پرکھنا ناممکن ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عوام کو ہر قسم کی دھاندلی اور دباؤ سے آزاد ماحول میں رائے دینے کا حق دیا جائے۔ دھن، دھونس، دھاندلی سے اسمبلیوں میں جانے والے ملک و قوم کی خدمت نہیں کرسکتے۔


خبر کا کوڈ: 730776

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/730776/عید-کے-بعد-آئندہ-انتخابات-کی-حکمت-عملی-کا-اعلان-کرینگے-خرم-نواز-گنڈا-پور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org