0
Monday 11 Jun 2018 09:32

پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے امن کی بھاری قیمت ادا کی ہے، شہباز شریف

پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے امن کی بھاری قیمت ادا کی ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے عید کے موقع پر افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیز فائر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے افغانستان اور خطے میں امن مسلم لیگ(ن) کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے، سیز فائر کو درست سمت میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے امید ہے سیز فائر افغانستان میں مستقل امن کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا افغان حکومت کی جانب سے عید سے پہلے اور بعد میں طالبان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان سے افغانستان میں دیرپا امن کی بنیاد پیدا ہوگی، جس کو افغانستان کے تمام سٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہوگی، سیز فائر کی اہمیت یہ ہے کہ اس نے افغانستان کے اندر سے خود جنم لیا اور کسی کے دبائو میں نہیں ہوا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ افغانستان میں امن کی حمایت کی اور مقصد کیلئے اہم اقدامات بھی کیے۔
 
انہوں نے کہا اسی مقصد کیلئے جولائی 2015 میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان پہلے براہ راست مذاکرات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا 25جولائی کے انتخابات میں جیت کے بعد بطور وزیراعظم پاکستان افغانستان میں مستقل امن ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن کا پاکستان میں امن اور سکیورٹی سے گہرا تعلق ہے، پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے امن کی بھاری قیمت ادا کی ہے، ہمیں امن کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے، نائن الیون کے بعد سے اب تک 70 ہزارسے زائد جوان اور شہری شہید و زخمی ہو چکے۔ انہوں نے کہا دنیا کے کسی ملک نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان جتنی قربانیاں نہیں دیں، پاکستان نے ملک کے اندر دہشتگردی کیخلاف سب سے موثر جنگ لڑی جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
 
خبر کا کوڈ : 730925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش