0
Monday 11 Jun 2018 09:47

الیکشن کے موقع پر دہشتگردی کے خدشات ہیں، احسن اقبال

الیکشن کے موقع پر دہشتگردی کے خدشات ہیں، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے الیکشن 2018ء میں دہشتگردی کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے ہمارے پاس اطلاعات موجود ہیں۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ بڑا ہے، گولی لگی تو ہوش میں تھا، اگر فون نہ سن رہا ہوتا تو شاید گولی سیدھی سینے میں لگتی۔ گولی مارنے والے شخص کو سکیورٹی اہلکاروں نے قابو کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں نفرت پھیل چکی ہے جو انسان کو اندھا کر دیتی ہے، میرے جسم میں موجود گولی یاد کرائے گی کہ یہ نفرت کی گولی ہے، مذہب اور لسانیت کے نام پر ایسی نفرت کو پروان نہیں چڑھانا چاہیے، دہشتگردی سے نمٹ لیا، اب اس نفرت کو ختم کرنا ہوگا، کسی شخص کو کوئی حق نہیں وہ کسی کی جان لے، کسی کو سزا دینا ریاست کا کام ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا تسلسل ملک کیلئے بہت ضروری ہے، 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان بہت بہتر ہے۔
 
انہوں نے کہا ملک کی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، عالمی ادارے بھی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں لیکن پچھلے ایک سال سے جاری سیاسی ڈرامے کی وجہ سے معیشت پر اثر پڑا ہے، چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے عدلیہ، فوج، سیاست دان اور میڈیا سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سسٹم میں پرابلم ہے جو جمہوریت کو چلنے نہیں دیتا، نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ ہمیں اس سسٹم کو ٹھیک کرنا ہوگا، مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کو آگے لے کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پارٹی میں بہت سارے لوگ مشورے دیتے ہیں، یہ کہنا درست نہیں صرف دو لوگ ہی مشورے دیتے ہیں۔ سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ الیکشن میں دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں اس حوالے سے ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات موجود ہیں، دہشتگرد ملک میں خوف پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لیڈروں کو سکیورٹی خدشات ہیں، انہیں سکیورٹی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے، موجودہ حالات میں پاکستان عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 730928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش