0
Tuesday 12 Jun 2018 19:26

ریاست اور اداروں کیخلاف نعرے نہیں لگیں گے، پشتون تحفظ موومنٹ کی یقین دہانی

ریاست اور اداروں کیخلاف نعرے نہیں لگیں گے، پشتون تحفظ موومنٹ کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ قبائلی عمائدین اور پشتون تحفظ موومنٹ کے درمیان جرگے میں اہم پیشرفت سامنے آئی، جس میں یہ طے کیا گیا کہ ریاست اور اداروں کے خلاف نعرے کسی صورت نہیں لگیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ اور قبائلی عمائدین کے اراکین نے ایک اور جرگے کا اہتمام کیا جس میں معاملات کو حل کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں گئیں۔ جرگے میں اتفاق کیا کہ پی ٹی ایم کے نام پر ریاست، ریاستی اداروں کے خلاف نعرے اور اُن کی ہرزہ سرائی کی اجازت دی نہیں جائے گی۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بھی کسی صورت ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ جرگے میں ہونے والی پیشرفت کے بعد پی ٹی ایم نے عید کے تیسرے روز رزمک میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا، جبکہ قبائلی عمائدین اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں کی اگلی بیٹھک 22 جون کو ہوگی۔

قبائلی جرگے کے رہنما اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2 روز پہلے پی ٹی ایم رہنماؤں سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی تھی، جس میں اہم معاملات پر مکمل اتفاق کیا گیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے جرگے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ عمائدین نے پی ٹی ایم سے ہونے والے مذاکرات پر حکومت کو اعتماد میں لیا اور مطالبہ کیا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے تمام گرفتار کارکنان کی عید سے قبل رہائی ممکن بنائی جائے۔ واضح رہے کہ 8 فروری کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے پی ٹی ایم رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں اُن کے مطالبات بھی سنے گئے تھے، ملاقات کے بعد وطن کارڈز، چیک پوسٹ سمیت دیگر معاملات کو  فوری طور پر حل کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 731274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش