0
Tuesday 12 Jun 2018 22:59

انتخابات 2018ء، پی ایس 110 پر متحدہ مجلس عمل میں اختلافات سامنے آگئے

انتخابات 2018ء، پی ایس 110 پر متحدہ مجلس عمل میں اختلافات سامنے آگئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے خرم شیر زمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم کے مقابلے میں پی ایس 110 پر متحدہ مجلس عمل میں اختلافات سامنے آگئے۔ جے یو آئی (ف) کے سید عبیداللہ شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ سید عبید شاہ جے یو آئی کے درجنوں کارکنوں کے ہمراہ سٹی کورٹ پہنچے۔ ان کے ہمراہ امیر قاری محمد شعیب، انجینئر منگول خان، ادریس خان، یاسر خان جدون، عبدالجبار، عنایت شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ جمعیت علماء پاکستان سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر پہلے ہی کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں اور ایم ایم اے کے ٹکٹ پر امیدوار ہے، جے یو آئی ضلع جنوبی کے بعض رہنماؤں نے 2013ء کے عام انتخابات اور گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں حاصل کردہ ووٹوں کی بنیاد پر پی ایس 111 پر جے یو آئی کا استحقاق تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جے یو آئی کے مقامی رہنماؤں اور یونٹوں نے ایم ایم اے کے قائدین سے سید عبیداللہ شاہ کو ایم ایم اے کا ٹکٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ 2002ء کے عام انتخابات میں سابقہ پی ایس 112 سے جے یو پی کے محمد احمد صدیقی نے حصہ لیا تھا، جو ابتدائی نتائج میں جیت گئے تھے، مگر بعد میں ان کی جیت شکست میں تبدیل کی گئی تھی، اس سابقہ فارمولے کے تحت یہ صوبائی نشست جے یو پی کے حصے میں آئی ہے، تاہم جے یو آئی کے مقامی رہنماؤں کو اس فیصلے پر تحفظات ہیں اور انہوں نے سید عبیداللہ شاہ کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

جے یو آئی کے امیدوار سید عبیداللہ شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد شیرِیں جناح کالونی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ محمدی مسجد روڈ پر افتتاحی جلسے میں عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ جے یو آئی رہنماؤں کے مطابق سابقہ پی ایس 89 اور این اے 239 میں شامل جنرل آباد سے 2013ء کے عام انتخابات میں جے یو آئی امیدوار نے 5 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ سابقہ پی ایس 112 اور این اے 250 میں بھی جے یو آئی نے قابل ذکر ووٹ لئے تھے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی کے پینل نے سید عبیداللہ شاہ کی سرکردگی میں ایک یو سی سے 3 ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔ عبید شاہ کے والد حاجی سید آباد شاہ جنرل آباد شیریں جناح کالونی کے بانی صدر اور سماجی حوالے سے نہایت سرگرم ہیں جبکہ عبید شاہ بھی سماجی خدمات کے سلسلے میں علاقے میں معروف ہیں اور جے یو آئی کے اہم عہدیدار بھی ہیں، صوبائی نشست پر جے یو آئی امیدوار سامنے آنے سے ایم ایم اے کے قومی اسمبلی کے امیدوار محمد حسین محنتی کو بھی شیریں جناح کالونی، جنرل آباد، ہجرت کالونی، نیلم کالونی، شاہ رسول کالونی، لاڑکانہ کالونی اور کلفٹن میں مشکلات پیش آسکتی ہے، جہاں جے یو آئی کے مقامی یونٹس صوبائی نشست نہ ملنے کی صورت میں عدم تعاون پر غور کر رہے ہیں، پی ایس 110 پر پی پی پی کے نجمی عالم، پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان قابل ذکر امیدوار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 731311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش