QR CodeQR Code

عمران خان کے ساتھ قوم نے بھی کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے، حلیم عادل شیخ

15 Jun 2018 00:26

عادل ہاؤس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ متحدہ کے دن بھی گنے جاچکے ہیں، اب دوبارہ عوام ان کو منتخب نہیں کرے گی، میئر کراچی برائے نام رہ گئے ہیں، جنہوں نے کراچی کی عوام کے خاطر کوئی بھی کام نہیں کیا ہے، صرف اختیارات کا بہانہ بناکر خاموشی اختیار کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر اور امیدوار برائے حلقہ پی ایس 99 حلیم عادل شیخ نے عادل ہاؤس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طویل جدوجہد کے بدولت آج عوام جاگ چکی ہے، پوری قوم نے اس جدوجہد کا بھرپور طریقے سے ساتھ دیا، میں عید کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ عید کے بعد نیا پاکستان بننے جارہا ہے، عید کی خوشیوں کے بعد بڑی خوشیاں آنے والی ہیں، کرپٹ چور، لٹیروں سے جان چھوٹنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ صرف اب پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے، پہلے کراچی کی عوام کو زد و کوب کرکے ووٹ لیا جاتا ہے، بعض اوقات تو خود ہی ووٹ ڈل جاتا تھا اور عوام کو پتہ بھی نہیں ہوتا تھا لیکن اب وقت تبدیل ہوچکا ہے، پر امن الیکشن ہونے جارہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کو مقرر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس وقت پر امن اور شفاف الیکشن کرانا ہی ملک کی ترقی کا ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی کی عوام کو جس طرح پانی کی بوند بوند کو ترسایا جارہا ہے عوام اس کا بدل ووٹ کے ذریعے لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، متحدہ کے دن بھی گنے جاچکے ہیں، اب دوبارہ عوام ان کو منتخب نہیں کرے گی، میئر کراچی برائے نام رہ گئے ہیں، جنہوں نے کراچی کی عوام کے خاطر کوئی بھی کام نہیں کیا ہے، صرف اختیارات کا بہانہ بناکر خاموشی اختیار کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 731771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/731771/عمران-خان-کے-ساتھ-قوم-نے-بھی-کرپشن-خلاف-طویل-جدوجہد-کی-ہے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org