QR CodeQR Code

دہشتگرد اب سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں، عبدالرزاق چیمہ

15 Jun 2018 15:18

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر فرنٹیئر کور کوئٹہ کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر کوئٹہ شہر میں ایف سی کے پانچ ونگ تعینات کئے جائینگے، جنکی کل نفری 2000 سے زائد ہے۔ اسکے علاوہ دیگر علاقوں سے نفری طلب کرکے کوئٹہ شہر کے حساس مقامات پر تعینات کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس و ریجنل پولیس آفیسر کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں عید کے موقع پر عوام کے لئے دہشتگردی کا واضع تھرٹ موجود نہیں، تاہم دہشتگرد اب سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ کوئٹہ شہر میں چاند رات کو پولیس کے 1370 جبکہ عید الفطر کے موقع 1825 افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ عید کی مناسبت سے پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ شہر بھر میں ایف سی کے 2000 سے زائد افسران و اہلکار حفاظت پر مامور ہوں گے۔ کوئٹہ میں نماز عید الفطر کے 180 مقامات پر اجتماعات ہونگے۔ ان میں سے 10 مقامات حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ شہری سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سی سی پی او آفس کوئٹہ میں سیکٹر کمانڈر فرنٹیئر کور کوئٹہ برگیڈئیر تصور ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں چاند رات کو بازاروں میں رات گئے تک رش رہتا ہے۔ تاجروں نے بازار چار بجے تک کھلے رکھنے کا کہا ہے، جس کے بعد پولیس اور ایف سی نے سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

شہر میں چاند رات کو کل 1370 افسران و اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ خواتین کو بھی تحفظ فراہم کرنے کے لئے پولیس کی خواتین اہلکاروں کی کافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں 180 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہونگے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر ایف سی کوئٹہ بریگیڈئیر تصور ستار نے بتایا کہ عید کے موقع پر کوئٹہ شہر میں ایف سی کے پانچ ونگ تعینات کئے جائیں گے، جن کی کل نفری 2000 سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ دیگر علاقوں سے نفری طلب کرکے کوئٹہ شہر کے حساس مقامات پر تعینات کی گئی ہے۔ جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ شہریوں کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 731808

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/731808/دہشتگرد-اب-سکیورٹی-فورسز-پر-حملے-کر-رہے-ہیں-عبدالرزاق-چیمہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org