0
Friday 15 Jun 2018 21:42
پارا چنار خطبہ جمعہ

مرکز سب کا ہے تاہم الیکشن میں غیر جانبدار رہیگا، پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری

مرکز سب کا ہے تاہم الیکشن میں غیر جانبدار رہیگا، پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ شیخ فدا حسین مظاہری نے مرکزی سطح پر مرکز کے تمام اداروں کو کرم ایجنسی میں عام انتخابات میں غیر جانبدار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج رمضان المبارک کے آخری جمعہ (جمعۃ الوداع) کے موقع پر پاراچنار کی مرکزی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ کے دوران پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری نے پاراچنار کے تمام عوام کو آئندہ 25 جولائی کے عام انتخابات کے متعلق مرکز کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کرم ایجنسی کے تمام عوام کا ہے اور کرم ایجنسی کے تمام عوام اس مرکز کے ہیں، مرکز کے نفع و نقصان میں کرم ایجنسی کی ساری عوام بغیر فرق کے شریک ہیں۔ لہٰذا کرم ایجنسی کے 30 کے قریب قومی اسمبلی کے لئے امیدوار بھی اسی مرکز کے اعضائے جسم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مرکزی سطح پر ان تمام امیدواروں کو برابر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جو امیدوار جیت گیا وہی امیدوار اسی مرکز کیجانب سے کرم ایجنسی کا حکومت میں نمائندہ ہوگا اور اس کو مرکز اور ساری عوام کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

انہوں نے مرکزی جامع مسجد کے اداروں کے اراکین کو الیکشن میں غیر جانبدار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی یعنی آئندہ انتخابات کے دن سے پہلے مرکز کی طرف سے کسی ایک امیداوار کی حمایت یا مخالفت نہیں کی جائیگی، لہٰذا مرکزی اداروں کا کوئی بھی رکن انتخابات میں کسی امیداوار کے الیکشن مہم میں حصہ نہ لے۔ اگر مرکز کے اداروں سے منسلک کسی رکن نے الیکشن مہم میں کسی امیداوار کی حمایت کی تو وہ مرکز کی جانب سے نہیں ہوگی بلکہ یہ اس کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز کو اس الیکشن میں غیر جانبدار رہنے کے حوالے سے آیت اللہ سید علی سیستانی اور انکے پاکستان میں نمائندہ شیخ محسن کا مرکز کو ارسال کیا گیا پیغام موجود ہے۔ انہوں نے دیگر علاقوں کے انتخابات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دیگر علاقوں میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیداواران انتخابات سے پہلے اپنے فلاحی کاموں کا شیڈول عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں اور عوام کے سامنے ایک دوسرے کی کمزوریوں کو بتایا جاتا ہے، اس لحاظ سے ایک مناسب اور بہتر امیدوار کو منتخب کیا جاتا ہے اور بعد میں ہارنے والے تمام امیدوار جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دے کر عوام میں محبت و الفت کی فضا قائم کرتے ہیں۔

انہوں نے کرم ایجنسی کے امیدواروں کے دشمن رویئے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار میں امیدوار الیکشن مہم میں عوام کے درمیان دشمنی پیدا کرتے ہیں اور الیکشن کے بعد طویل مدت کیلئے ان کے درمیان یہ دشمنی باقی رہ جاتی ہے، جس کی وجہ سے قوم میں نفاق پیدا ہوکر پاراچنار کی سالمیت کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے امیدواروں کو اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم این اے کی نشست کو ہاتھ سے جانے نہیں دینا ہے، کیونکہ اس نشست کی مرکز اور پاراچنار کے عوام کو اشد ضرورت ہے، تاہم اس نشست سے بھی اس قوم کا اتحاد بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ لہٰذا ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے، جس کے ذریعے اس سیٹ کو بھی جیتا جائے اور انتخابات کے بعد قوم کا اتحاد بھی باقی رہے۔
خبر کا کوڈ : 731848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش