QR CodeQR Code

پاراچنار، مرکزی عید گاہ میں ہزاروں نمازیوں نے نماز عید الفطر ادا کردی

16 Jun 2018 18:13

علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں ہزاروں نمازیوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی، انہوں نے عید الفطر کے خطبوں میں قوم کو اتحاد و اتفاق کا درس دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مابین اتحاد اور محبت و الفت قائم رکھنا چاہیئے اور سب دشمنیوں کو دور کرنا چاہیئے، اسی میں عالم اسلام کے سارے مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں مرکزی عید گاہ اور پاک آرمی کیمپ سمیت ایجنسی بھر کے مختلف عیدگاہوں میں نماز عید ادا کی گئی اور ملک و قوم کی بقا اور سلامتی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ پاراچنار مرکزی عید گاہ میں نماز عید الفطر مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں ادا کردی گئی۔ جس میں کرم ایجنسی بھر سے ہزاروں نمازیوں کے علاوہ کمانڈر 73 بریگیڈ بریگیڈیئر اختر علیم نے شرکت کی۔ علامہ فداحسین مظاہری سمیت دیگر سیاسی شخصیات کے علاوہ ہزاروں لوگوں نے مرکزی عید گاہ کے قریب شہید علامہ شیخ نواز عرفانی کے مزار کو حاضری دیکر فاتحہ خوانی بھی کی۔ اور نماز عید الفطر میں ملک خداداد پاکستان کی سالمیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر پاک آرمی اور مقامی رضاکاروں نے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے تھے۔ نماز عید سے پہلے شرکاء سے سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی نور محمد نے خطاب کیا جبکہ پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری نے عید کے خطبے دیے۔
 
حاجی نور محمد نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے جوانوں نے ہر میدان میں پاک آرمی اور حکومت کا ساتھ دیا ہے، اور آج پاک فوج سمیت دیگر اعلٰی حکام اس بات کو سمجھ گئے ہیں، کہ پاراچنار کے عوام پاکستان کے وفادار عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلئے حکومت خصوصاً پاک فوج ہمارے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں تعاون کیا ہے، جس پر ساری قوم پاک فوج سمیت دیگر اعلٰی حکام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کا گذشتہ روز خطبہ جمعہ میں الیکشن کے متعلق پالیسی کو دہراتے ہوئے کہا کہ پیش امام ہمارے لئے حجت ہیں اور ان کے ہر بات کو دل و جان سے مانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ علامہ فدا حسین مظاہری کے حکم کے مطابق مرکز اس بار الیکشن میں غیر جانبدار رہے گا۔ یہ فیصلہ ہم نے اسلئے کیا کیونکہ گزشتہ انتخابات سے ہمیں ایک بہت تلخ تجربہ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات سے کرم ایجنسی میں عوام میں نفاق پیدا ہوکر قوم تباہی کے کنارے پر کھڑی تھی۔ علامہ فدا حسین مظاہری کے انتھک کوششوں کی وجہ سے وہ نفاق ختم کرکے بڑی تکالیف سے کرم ایجنسی کے عوام میں محبت و الفت کی فضا قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی شخصیات سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کے دوران قوم کی اتحاد کا خاص خیال رکھا جائے۔
 
 اس کے بعد مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں ہزاروں نمازیوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی۔ نماز کے بعد علامہ شیخ فدا حسین مظاہری نے عید الفطر کے خطبوں میں قوم کو اتحاد و اتفاق کا درس دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مابین اتحاد اور محبت و الفت قائم رکھنا چاہیئے اور اپنے درمیان میں سے سب دشمنیوں کو دور کرنا چاہیئے، اسی میں عالم اسلام کے سارے مسائل کا حل پوشیدہ ہے، آخر میں انہوں نے اپنے ملک پاکستان کی سالمیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر 8 بلوچ کے سی او کرنل مسعود کی سربراہی میں پاک آرمی، لیوی فورس، پاسدار کمیٹی اور دیگر رضاکاروں کیجانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 731888

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/731888/پاراچنار-مرکزی-عید-گاہ-میں-ہزاروں-نمازیوں-نے-نماز-الفطر-ادا-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org