0
Saturday 16 Jun 2018 23:22

افغان طالبان نے غیر مسلح ہوکر سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ عید منا کر تاریخ رقم کردی 

افغان طالبان نے غیر مسلح ہوکر سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ عید منا کر تاریخ رقم کردی 
اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے دارالحکومت کابل میں غیر مسلح ہو کر شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ عید منا کر تاریخ رقم کر ڈالی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق درجنوں طالبان عسکریت پسندوں نے کابل کے مختلف علاقوں میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے ہمراہ عیدالفطر کی نماز ادا کی، طالبان نے عیدگاہوں میں داخلے کے وقت اپنے ہتھیار سکیورٹی فورسز کے پاس جمع کرائے اور ادائیگی نماز کے بعد شہریوں کے ساتھ ساتھ افغان سکیورٹی فورسز سے بغل گیر ہوئے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ کابل پولیس کے ترجمان حشمت استنکزئی نے بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں کو جاتے ہوئے ان کے ہتھیار واپس کر دیئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر زیرگردش تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوشی کے اس پرمسرت موقع پر شہری اور سکیورٹی اہلکار طالبان سے گرم جوشی سے عید مل رہے ہیں اور وہاں موجود شہری ان مناظر کو اپنے موبائل فونز میں عکس بند کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی سے عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے ردعمل میں طالبان نے بھی سیز فائر کرتے ہوئے عید کے تینوں دن حملے نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 731903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش