اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کیلئے سید علی مرتضیٰ کا نام فائنل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن سید علی مرتضی کو اب تبدیل کرکے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم لگائے جانے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی حتمی منظوری کے بعد جلد سید علی مرتضیٰ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اعظم سلمان خان کو تبدیل کرکے چیف سیکرٹری سندھ تعینات کیا جا چکا ہے۔ اعظم سلمان خان کی چیف سیکرٹری سندھ تعیناتی سے یہ سیٹ خالی ہے۔