QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا، عید کے دنوں مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق

19 Jun 2018 12:55

پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق عید الفطر کے 3 دنوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور علاقوں میں تقریباً 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق عید الفطر کے 3 دنوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور علاقوں میں تقریباً 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ لکی مروت میں روڈ کے حادثے اور آتشزدگی کے واقعات میں مجموعی طور پر خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق نورگن ٹاؤن میں رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا جس میں سوار خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ لکی مروت میں مانجھی والا چوک کے پاس موٹرسائیکل درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ملنگ اڈہ تاجوری روڈ پر بچکن احمدزئی کے مقام پر پک اپ ٹرک الٹ گیا جس میں سیر و تفریح کیلئے جانے والے متعدد افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لکی مروت کے علاقے تاجازئی میں فضل کریم نامی شخص پرانی دشمنی کی نذر ہوگیا۔

چترال کے واشیش گاؤں میں ایک جیپ دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں اس میں سوار 5 میں سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سعید الرحمٰن اور وجی الرحمٰن کے نام سے ہوئی۔ مانسہرہ میں کوٹکے کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار محمد اسامہ اور مراد علی ویگن کی ٹکر سے لقمہ اجل بن گئے۔ نوشہرہ میں خاتون سمیت 4 لوگ جاں بحق ہوئے جبکہ روڈ کے حادثے میں تقریباً 71 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں کی زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔ ایک واقعے میں مقامی رہنما جماعت اسلامی حضرت کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر مبنیہ طور پر جاوید، شاہ فیصل اور ممریز نے قتل کر دیا۔ صوابی کا رہائشی جاوید اقبال کند پارک کے پاس دریا میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا جس کی لاش ریسکیو 1122 نکالی۔ خیر آباد کے رہائشی مراد خان خٹک کو مبینہ طور پر حیدر اور طارق نے پرانی دشمنی پر قتل کر دیا۔

بنوں میں روڈ کے حادثے اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ میران پولیس اسٹیشن کی حدود میں شوہر نے بیوی کو ناجائز تعلقات استوار رکھنے کے شک پر قتل کر دیا۔ دو مخلتف واقعات میں ایک خاتون نے زہریلی چیز کھا کر خود کشی کر لی جبکہ ڈومیل علاقے میں ایک خانون کو اس کے گھر میں قتل کر دیا گیا۔ ڈومیل میں ہی کار اور رکشے کے تصادم میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔ کرک میں مختلف حادثات اور واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ ڈیم میں نہاتے ہوئے نوعمر لڑکا ڈوب گیا، جبکہ موٹر سائیکل کے حادثے میں شمشیر غنی اور رضا خان انتقال کر گئے۔ مناخیل کے علاقے میں ٹریکٹر موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں کامران اور حسین جاں بحق ہوگئے اور انڈس ہائی وے پر کار حادثے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح شنگلا میں روڈ حادثے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔


خبر کا کوڈ: 732260

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/732260/خیبر-پختونخوا-عید-کے-دنوں-مختلف-حادثات-میں-25-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org