0
Wednesday 20 Jun 2018 22:36

الیکشن کمیشن کا شرابی امیدواروں کو انتخابی عمل سے روکنے سے انکار

الیکشن کمیشن کا شرابی امیدواروں کو انتخابی عمل سے روکنے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء میں شراب اور منشیات استعمال کرنے والے امیدواروں کو انتخابی عمل سے روکنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک شہری نثار احمد شیخ نے ایک مکتوب کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا سے درخواست کی تھی کہ الکحل اور منشیات کے استعمال کا پتا لگانے کیلئے تمام امیدواران کیلئے خون اور پیشاب کے لیبارٹری ٹیسٹ لازمی قرار دیئے جائیں، جن امیدواران کے یہ ٹیسٹ مثبت آئیں، انہیں عام انتخابات کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔ نثار احمد شیخ نے اپنے مکتوب میں واضح کیا تھا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت شراب اور دیگر منشیات کو استعمال کرتی ہے۔

اس مکتوب کا الیکشن کمیشن نے تقریبا ایک ماہ کے بعد معذرت کی صورت میں جواب دیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (الیکشن) عاطف رحیم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے جواب میں کہا ہے کہ منشیات اور الکحل کیلئے کسی ٹیسٹ کیلئے کوئی قانون موجود نہیں ہے، چونکہ الیکشن کمیشن قانون سازی نہیں کر سکتا، اس لئے اس ٹیسٹ کیلئے مناسب فورم سے رجوع کیا جائے۔ درخواست گزار نثار احمد شیخ نے ڈپٹی ڈائریکٹر (الیکشن) عاطف رحیم کے جواب میں واضح کیا ہے کہ اس کیلئے کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے، اس کیلئے پہلے سے ہی آئین میں حکم موجود ہے، آئین کے آرٹیکل 62 کی کلاز C کے مطابق رکن پارلیمنٹ کیلئے ضروری ہے کہ وہ اچھے کردار کا مالک ہو اور اس کی شہرت ایسی نہ ہو کہ وہ اسلامی شعائر کی خلاف ورزی کرتا ہو۔ اسی آرٹیکل 62 کی کلاز D کے مطابق رکن پارلیمنٹ اسلامی تعلیمات کی موزوں و مناسب معلومات رکھتا ہو اور گناہ کبیرہ سے اجتناب کرتا ہو۔

نثار احمد شیخ نے کہا ہے کہ شراب پینا اور منشیات کا استعمال آئین کے آرٹیکل 62 کے خلاف ہے، اس لئے شراب اور منشیات کے استعمال کیلئے لیبارٹری ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے۔ نثار احمد شیخ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قانون سازی کس طرح شرابی، زانی اور منشیات استعمال کرنے والوں کے حوالے کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں صدر پاکستان ممنون حسین سے بھی مداخلت کی اپیل کیلئے انہیں مکتوب بھیجا ہے۔
خبر کا کوڈ : 732588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش