0
Friday 22 Jun 2018 12:51

کراچی، ساحل پر آنے والوں سے غیر قانونی چارجڈ پارکنگ فیس وصولی

کراچی، ساحل پر آنے والوں سے غیر قانونی چارجڈ پارکنگ فیس وصولی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی واحد ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے تفریح کیلئے ساحل سمندر پر آنے والے شہریوں سے غیر قانونی طور پر چارجڈ پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں تفریح کیلئے ساحل پر جانے والے شہریوں سے غیر قانونی طور پر چارجڈ پارکنگ وصول کی جا رہی ہے، اطلاعات کے مطابق ہاکس بے، پیراڈائز پوائنٹ، سینڈزپٹ سمیت دیگر ساحلی پٹی پر کراچی کی واحد ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ ان تفریح مقامات پر یومیہ ہزاروں کی تعداد میں شہری تفریح کیلئے آتے ہیں، ان دنوں تعلیمی درسگاہوں میں تعطیلات ہیں، جس کی وجہ سے رش میں اضافہ ہوگیا ہے، لیکن شہری ہزاروں روپے یومیہ غیر قانونی طور پر دینے پر مجبور ہیں۔ ساحلی علاقوں کی حدود بلدیہ عظمیٰ کے ماتحت آتی ہے، کے ایم سی کے محکمہ چارجڈ پارکنگ کی جانب سے تفریح کیلئے آنے والے شہریوں سے ماضی میں چارجڈ پارکنگ وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ساحلی پٹی کو چارجڈ پارکنگ فری زون قرار دیا گیا تھا، لیکن ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کرنے پر کے ایم سی نے بھی پارکنگ کی فیس وصول کرنا شروع کر دی، جس پر دونوں اداروں میں تصادم کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے مداخلت کرکے دونوں پر پارکنگ فیس وصول کرنے سے روک دیا تھا، تاہم عید سے کے ایم سی نے پارکنگ فیس وصول کرنا بند کر دی، ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ ڈسٹرک کونسل اسماعیل بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ ہماری حدود میں آتی ہے، لہٰذا ہم پارکنگ فیس وصول کر سکتے ہیں، یونین کونسل 34 لال بھکر ہماری حدود میں ہے، ہاکس بے اور دیگر علاقے ہمارے پاس ہیں، ہم قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کر رہے ہیں۔ کے ایم سی کے سینئر ڈائر یکٹر چارجڈ پارکنگ خالق بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ ہماری حدود میں آتی ہے اور ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ یہاں پارکنگ فیس وصول نہ کی جائیں، تاہم ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے پارکنگ فیس غیر قانونی طور پر وصول کی جا رہی تھی، جس کی وجہ سے ہم نے بھی پارکنگ فیس وصول کرنا شروع کر دی، لیکن پولیس نے دونوں کو روک دیا تھا، لیکن اب اگر ڈسٹرکٹ کونسل وہاں سے پارکنگ فیس وصول کر رہی ہے، تو غیر قانونی ہے۔ کراچی میں تفریح مقامات کی تعداد انتہائی کم ہے اور سب سے سستی تفریح سمندر ہے، لیکن بلدیاتی اداروں نے شہریوں سے یہاں پر بھی لوٹ کھوسٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور شہریوں سے ماہانہ پارکنگ فیس کی مد میں لاکھوں روپے بٹورے جا رہے ہیں، غیرقانونی پارکنگ مافیا نے سرکاری افسران کی ملی بھگت سے مختلف مقامات پر قبضہ کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 732831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش