QR CodeQR Code

بلتستان یونیورسٹی کو 3 سال میں مثالی درسگاہ بنایا جائیگا، پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان

24 Jun 2018 00:34

وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ تقرریاں میرٹ پر ہونگی، سیاسی لوگ مشورے ضرور دیں، لیکن سیاسی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کرینگے، باہر سے ماہرین تعلیم کو لایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ بلتستان یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی، اہل لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا، سیاسی لوگ بے شک یونیورسٹی میں آئیں، مشورے دیں، ہماری مدد کریں، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے لیکن اندرونی معاملات میں سیاسی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیاسی مداخلت ہوگی تو طلبہ متاثر ہوں گے، ہم کوئی ایسا عمل نہیں کریں گے، جس سے نوزائیدہ یونیورسٹی متاثر ہوتی ہو۔ کسی قسم کی سفارش کے بغیر تقرریاں کر دی جائیں گی اور مروجہ قوانین کو فالو کیا جائیگا۔ ہمارا مقصد بلتستان یونیورسٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو تعلیم دلانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ چیلنجز بہت ہیں، لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں، تمام چیلنجز کا کمیونٹی کے ساتھ ملکر مقابلہ کیا جائے گا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی میں جمہوریت ہوگی، تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے ہوں گے، میرا کوئی ذاتی فیصلہ نہیں ہوگا، معاملات کو بہتر انداز سے نمٹانے کے لئے کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں، نئی عمارت کی تعمیر بھی یونیورسٹی کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کی نگرانی میں ہوگی، تاکہ میرٹ اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو تمام قسم کی منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جائے گا، بلتستان امن پسند لوگوں کی سرزمین ہے، یہاں کسی قسم کی بدامنی نہیں ہونے دیں گے، یونیورسٹی کسی خاص طبقہ فکر، خاص علاقے یا شخص کے لئے نہیں بنائی گئی، یہاں ہر طبقے اور علاقے کے لوگ آکر تعلیم حاصل کرسکتے ہیں، معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، جب معیار برقرر رہے گا تو لوگ خود بخود یونیورسٹی میں پڑھنے آئیں گے، سارے اساتذہ مقامی نہیں ہوں گے، باہر سے بھی ماہرین تعلیم کو بلایا جائے گا، جب باہر سے بھی اساتذہ تعینات ہوں گے تو مقامی طلبہ کو دیگر علاقوں کے بارے میں بھی سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔ ادارے میں فول پروف الیکٹرانک نظام متعارف کرایا جائیگا، کوئی ایسا کام نہیں کریں گے، جو احسن طریقے سے کر نہیں پائیں گے۔ اہل علم حضرات کے ساتھ خصوصی نشستیں رکھی جائیں گی، میڈیا سے وابستہ افراد ہماری رہنمائی کریں، اگر کمیونٹی کا تعاون حاصل رہا تو بلتستان یونیورسٹی کو تین سال میں مثالی درسگاہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بلا امتیاز تمام طلبہ کو داخلے دیئے جائیں گے، کسی کے ساتھ کوئی زیادتی یا ناانصافی نہیں ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 733172

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/733172/بلتستان-یونیورسٹی-کو-3-سال-میں-مثالی-درسگاہ-بنایا-جائیگا-پروفیسر-ڈاکٹر-نعیم-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org