0
Sunday 24 Jun 2018 11:35

لاہور میں یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے ریلی، تعمیر نوء کا مطالبہ

لاہور میں یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے ریلی، تعمیر نوء کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے لاہور میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی دربار بی بی پاکدامنؒ سے شروع ہو کر لاہور پریس کلب پہنچی۔ ریلی کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صدر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آل سعود کی جانب سے جنت البقیع کا انہدام شرمناک فعل ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سعودی حکومت فی الفور مزارات مقدسہ کی تعمیر کرے اور اگر وہ خود ایسا  نہیں کر سکتی تو پاکستان کے عوام کو اس کی اجازت دے، پاکستان کے عوام خود یہ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کی توہین کرکے دہشتگردی کی بنیاد رکھی گئی جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو مزارات کی تعمیر کے حوالے سے سعودی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہیے، چاہیے اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کے مزارات کی تعمیر نوء ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات اسلام کی شناخت ہیں، یہ اہلبیت عظام اور صحابہ کرام کے مزارات ہیں جنہوں نے اسلام کے فروغ میں کردار ادا کیا تھا۔ دوسری جانب تحریک لبیک کے سربراہ علامہ اشرف آصف جلالی کی ہدایت پر بھی یوم انہدام جنت البقیع منایا گیا۔ اس موقع پر مولانا اشرف آصف جلالی نے کہا کہ اہلبیت اطہار (ع) اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کو مسمار کرنیوالی سوچ سے دہشتگرد قوتوں نے جنم لیا، جس کے نتیجے میں دنیا میں بہت دہشتگردی پھیلی جس کا نقصان صرف مسلمانوں کو ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں انبیاء کرام علیہم السلام، آئمہ اہلبیت، صحابہ کرام اور اولیاء کے مزارات پر دہشتگردی کے المناک واقعات کے ڈانڈے جنت البقیع میں ہونیوالی دہشتگردی سے ملتے ہیں، تقریباً ایک صدی پہلے جنت البقیع میں ہونے والی دہشتگردی کا محاسبہ نہ ہونے کی وجہ سے آج تمام عالم اسلام لہو لہان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت جنت البقیع کے مزارات کو از سر نو تعمیر کرے یا ہمیں تعمیر کرنے کی اجازت دے، جنت البقیع میں فاتحہ خوانی پر پابندی عائد کرنے سے اور اس کی مقدس شخصیات کی قبور پر بوٹ پہن کر چلنے والے سعودی اہلکاروں کے رویے سے امت مسلمہ میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔ حج و عمرہ کے موقع پر زائرین میں فرقہ وارانہ لٹریچر کی تقسیم سے بہت سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنت البقیع امت مسلمہ کی عقیدت کا مرکز ہے، ہم اس کے تقدس کی بحالی کیلئے جدوجہد بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔ سعودی حکومت امت مسلمہ کے جذبات کا خیال رکھے، جنت البقیع کا مسئلہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے، ہم اس سے کبھی دست بردار نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 733213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش