0
Sunday 24 Jun 2018 11:56

بہت جلد بوستان اکنومک زون کا افتتاح کیا جائیگا، علاؤالدین مری

بہت جلد بوستان اکنومک زون کا افتتاح کیا جائیگا، علاؤالدین مری
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ تاجر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تجارت کے فروغ اور تاجروں کو بہترین اور سازگار ماحول فراہم کرنے سے ہی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ جلد بوستان اکنومک زون کا افتتاح کیا جائے گا، جس سے صوبے میں تجارت اور صنعتکاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلٰی نے کہا کہ بلوچستان میں تجارت اور صنعتکاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت تاجر برادری کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور قلیل وقت میں جتنا ممکن ہو سکے، ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ آج دنیا میں معیشت کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ سی پیک کی شکل میں تجارت، صنعتکاری اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ ہمیں سی پیک کے ثمرات سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

تاجر زیادہ سے زیادہ صنعتکاری کریں اور ہمسایہ ممالک بالخصوص افغانستان جو ایک لینڈ لاک ملک ہے، سے روابط مضبوط کریں، جس سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ حکومت کے پاس وسائل محدود ہیں اور ہمیں صوبے میں تجارت کے فروغ کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے۔ حکومت جلد صوبے میں بینکنگ کانفرنس منعقد کرے گی، جس کا مقصد بینکوں کو صوبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے۔ نگران وزیراعلٰی نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس کو ایکسپورٹ ٹریننگ اور ڈسپلے سینٹر کے لئے 30 ایکڑ زمین فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے، لیکن تاحال یہاں ایکسپو سینٹر کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 733220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش