QR CodeQR Code

تھران میں ہنگاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں برطانوی سفارت خانے کے 8 ایرانی اہلکار گرفتار، برطانیہ کا احتجاج

29 Jun 2009 11:44

انتخابات کے بعد ہنگاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں تہران میں برطانوی سفارت خانے کے 8 مقامی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز نے ذرائع کا نام لیے بغیر بتایا ہے کہ برطانوی سفارت خانے کے مقامی عملے کے 8 اراکین کو ہنگاموں میں


تہران:انتخابات کے بعد ہنگاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں تہران میں برطانوی سفارت خانے کے 8 مقامی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز نے ذرائع کا نام لیے بغیر بتایا ہے کہ برطانوی سفارت خانے کے مقامی عملے کے 8 اراکین کو ہنگاموں میں قابل ذکر کردار ادا کرنے اور لوگوں کو سرکاری اور نجی املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے پر اکسانے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے تہران میں برطانوی سفارت خانے کے مقامی اہلکاروں کی گرفتاری کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوراً رہا کیا جائے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے جب ایران نے الزام لگایا تھا کہ برطانیہ انتخابات کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے جس کی برطانیہ تردید کر چکا ہے۔تہران میں برطانیہ کے سفارت خانے کے عملے کے بارے میں تاحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔  لندن میں برطانیہ کے دفتر خارجہ نے کہا کہ انہیں گزشتہ چند روز سے عجیب و غریب خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ ایران میں برطانوی شہریوں یا برطانیہ سے تعلق کی بنیاد پر لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق وہ ان معاملات کو ایرانی حکام کے ساتھ اٹھاتے رہیں گے۔ 
ادھر ناکام صدارتی امیدواروں مہدی کروبی اور میر حسین موسوی نے 10 فیصد ووٹوں کی گنتی کے لیے قائم کمیشن کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔میر حسین موسوی نے ازسر نو انتخابات کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی جزوی گنتی سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا اور نہ ہی انتخابی نتائج کے بارے میں ان کے موقف میں تبدیلی آئے گی۔ بحران سے نمٹنے کا بہتر طریقہ یہی ہے کہ انتخابی نتائج منسوخ کیے جائیں۔اپنی ویب سائٹ پرجاری بیان میں میرحسین موسوی نے کہا ہے کہ منصفانہ فیصلے تک پہنچنا نگہبان شوریٰ اور اس کے قائم کردہ بورڈ کے بس میں نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے اور معاملے کو شریعہ قانون کا جائزہ لینے والے آزاد اور قانونی حیثیت کے حامل بورڈ کے سپرد کیا جائے۔ ایک اور ناکام صدارتی امیدوار مہدی کروبی نے شوریٰ نگہبان کے نام خط میں کہا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کافی نہیں،انتخابات کے بارے میں تمام شکوک دور کرنے کے لیے آزادانہ پینل قائم کیا جائے۔







خبر کا کوڈ: 7334

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/7334/تھران-میں-ہنگاموں-ملوث-ہونے-کے-الزام-برطانوی-سفارت-خانے-8-ایرانی-اہلکار-گرفتار-برطانیہ-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org