0
Monday 25 Jun 2018 11:30

کپتان 5 سال تک جنہیں گالیاں دیتے رہے اب انہی کو صاف شفاف کر کے ٹکٹ جاری کر دیئے، اسفندیار ولی خان

کپتان 5 سال تک جنہیں گالیاں دیتے رہے اب انہی کو صاف شفاف کر کے ٹکٹ جاری کر دیئے، اسفندیار ولی خان
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں اے این پی کیلئے میدان خالی ہے اور انتخابات میں کامیابی کے سوا دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ چارسدہ میں نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے ضلعی صدر شاہ حسین سنگین مرحوم کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے البتٰہ پارٹی عہدیدار اور تمام کارکن جرگے کریں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال تبدیلی کے نعروں میں حقیقت نہیں تھی پشاور کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے تبدیلی لائی گئی، سیاسی مہاجرین نے تحریک انصاف کی چھتری تلے پناہ لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان پانچ سال تک جنہیں گالیاں دیتے رہے اب انہی کو صاف شفاف کر کے ٹکٹ جاری کر دیئے، یہی وہ تبدیلی ہے جس کی توقع کی جا سکتی تھی، تمام سیاسی جماعتوں کو برا بھلا کہنے والوں نے انہی سیاسی پارٹیوں سے مہاجرین اکٹھے کر کے ٹکٹ دیئے۔ اے این پی کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ 5 سال تک مرکز اور صوبے میں اقتدار کے مزے لینے والوں کو حکومتیں ختم ہونے کے بعد اسلام خطرے میں نظر آنے لگا ہے اور اسلام کے نام پر اسلام آباد کیلئے تگ و دو شروع کر دی گئی ہے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سراج الحق صوبے میں پی ٹی آئی کے کندھے پر جبکہ مرکز میں مولانا وفاقی حکومت کا حصہ رہے، اسوقت اسلام بھی محفوظ تھا، فاٹا اصلاحات کا بل پیش ہونے کو تھا جب مولانا نے نواز شریف کو فون کر کے بل رکوا دیا، لیکن اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے انہیں کبھی فون نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 733460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش