QR CodeQR Code

پاکستانی کمیونٹی اپنی سرزمین کے خلاف منفی باتیں کرنے کے بجائے پاکستان کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں، علی جہانگیر صدیقی

25 Jun 2018 15:11

ڈونلڈ ٹرمپ کو نئے پاکستانی سفیر کی جانب سے اسناد پیش کرنے کے موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حالیہ حالات سے باخبر ہیں لیکن وہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے سفارتکاری کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا میں حال ہی میں تعینات کیے گئے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے اپنے پہلے خطاب میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ ملک کی بحالی اور اسے دنیا میں ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھارنے کے لیے کردار ادا کریں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی اسناد پیش کرنے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حالیہ حالات سے باخبر ہیں لیکن وہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے سفارتکاری کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ کس طرح جنوبی امریکا کے ملک کولمبیا نے پاکستان جیسے درپیش مسائل اور چیلنجز کا سامنا کیا اور خطے کی چوتھی بڑی معیشت بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہر کسی کو پاکستان کی بحالی اور اسے دوبارہ ابھارنے کے لیے حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے اور ہم اس راستے پر گامزن ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کے خلاف منفی باتیں کرنے کے بجائے پاکستان کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح پاکستان ایک مضبوط معاشی طاقت کے طور دیکھا جاتا تھا اور اس چیز کو دوبارہ واپس لانے کے لیے آپ لوگوں کو ہمارے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سیاست دان ساجد تارڑ نے پاکستانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کی تعمیر نو میں کمیونٹی کا تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت ایک بُرے دور سے گزر رہے ہیں لیکن اگر ہم سخت محنت کریں تو انہیں درست راستے پر واپس لایا جاسکتا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 733505

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/733505/پاکستانی-کمیونٹی-اپنی-سرزمین-کے-خلاف-منفی-باتیں-کرنے-بجائے-پاکستان-کی-تعمیر-نو-میں-اپنا-کردار-ادا-کریں-علی-جہانگیر-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org