0
Monday 25 Jun 2018 17:25

وعدہ کرتا ہوں کراچی کو جنوبی ایشیاء کا پیرس بناؤں گا، شہباز شریف

وعدہ کرتا ہوں کراچی کو جنوبی ایشیاء کا پیرس بناؤں گا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناؤں گا تو مذاق اڑایا گیا تھا لیکن اب کہتا ہوں کہ کراچی کو ساؤتھ ایشیا کا پیرس بناؤں گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف الیکشن مہم کے آغاز کے لئے چارٹر طیارے سے کراچی پہنچے جہاں پارٹی رہنما رانا مشہود اور سلیم ضیاء سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کراچی میں دو روز قیام کریں گے۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا آغاز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) سے کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ 2013ء میں پاکستان کو دو چیلنجز تھے، سب سے بڑا چیلنج لوڈشیڈنگ تھا، توانائی بحران کے باعث برآمدات کو نقصان پہنچ رہا تھا لیکن ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی اور آج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران بھی ایسے حل ہونا چاہیئے، کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی، تین سال میں شہر کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں شہر میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر ختم کرنے ہیں، کراچی کو ایشیا کا نہیں بلکہ ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیئے۔ (ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ کوئی بلند و بانگ دعوے کرنے نہیں آیا، کراچی کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، کراچی کے لئے صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے، صوبائی حکومت کےساتھ وفاقی حکومت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بڑا مسئلہ ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہیاء کرنا اولین ذمہ داری ہے، جو لاہور میں میٹرو بس بنی پہلے کراچی میں بننی چاہیئے تھی، شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ، پانی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کریں گے کیونکہ اچھے روڈ اور انفرا اسٹرکچر نہیں بنائیں گے تو شہر جام ہو جائے گا، یہ ویژن (ن) لیگ کا کراچی کے لئے ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کھٹائی میں پڑ گیا، کالاباغ قومی وحدت کو نقصان پہنچاکر نہیں بنایا جاسکتا، ہمیں بھاشا ڈیم کو ترجیح دینا ہوگی، ہم نے 20 سال ضائع کردیئے، یہاں کوئی پوائنٹ اسکورننگ نہیں کررہا اس حمام میں سب ننگے ہیں کیونکہ کسی نے کام نہیں کرنا تھا، سب بہانے ڈھونڈتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھاشا ڈیم پر توجہ دینا ہوگی، ڈیم کی زمین ڈھونڈی جاچکی ہے اور اس پر 100 ارب کی سرمایہ کردی، پانچ سال میں اس ڈیم کا مکمل ہونا مشکل ہے لیکن اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں بھاشا ڈیم کو 80 فیصد تک مکمل کردیں گے، اس سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔

شہباز شریف نے بھارت سے معاشی جنگ جیتنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں عسکری لڑائی میں شکست نہیں دے سکتا لیکن اب ہمیں اس سے معاشی جنگ لڑنا ہے، بھارت سے ٹائٹل واپس لانا ہے۔ بعد ازاں شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب میں نے کہا تھا کہ لاہور کو پیرس بناؤں گا تو مزاق اڑایا گیا تھا، اب کہتا ہوں کہ کراچی کو ساؤتھ ایشیا کا پیرس بناؤں گا اور جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ آج کتاب میں لکھا ہے کہ ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں گے، ہم صحیع معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے، وعدہ کررہا ہوں کہ کراچی کو ساؤتھ ایشیا کا خوبصورت شہر بنائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 733535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش