0
Monday 25 Jun 2018 18:07

نقیب اللہ محسود کیس، راؤ انوار پر گواہوں کو ہراساں کرنیکا الزام

نقیب اللہ محسود کیس، راؤ انوار پر گواہوں کو ہراساں کرنیکا الزام
اسلام ٹائمز۔ جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق نقیب اللہ محسود کے اہلخانہ کے وکیل نے سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران بتایا کہ ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار گواہوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ نقیب اللہ کے والد کے وکیل بیرسٹر فیصل صدیقی نے راؤ انوار سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راؤ انوار کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھا گیا ہے اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، ملزم اپنے گھر میں رہ کر نقیب اللہ کیس کے گواہوں پر اثرانداز ہو رہا ہے اور انہیں ہراساں کر رہا ہے، راؤ انوار کو گھر سے نکال کر جیل منتقل کیا جائے اور ملزمان جیسا سلوک کیا جائے۔

راؤ انوار کے وکیل عابد ایس زبیری ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے فریقین کے وکلا کو 29 جون کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے کر سماعت ملتوی کر دی۔ اس موقع پر نقیب اللہ کے اہلِ خانہ نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیا اور "قاتل قاتل راؤ انوار قاتل" اور "راؤ انوار کو پھانسی دو" کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں شریک قبائلی عمائدین نے کہا کہ نقیب اللہ کے قتل میں ملوث مفرور ملزم اور سابق پولیس افسر شعیب شوٹر و دیگر کو فوری گرفتار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 733541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش