QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کا مقابلہ طالبان کی حامی نون لیگ اور تحریک انصاف سے ہے، مولا بخش چانڈیو

25 Jun 2018 23:20

ایک بیان میں رہنما پی پی نے کہا کہ شہباز شریف اور عمران خان کی جماعت نے دو ہزار تیرہ کے انتخابات طالبان کی حمایت سے جیتے، قوم کو اچھی طرح یاد ہے کہ دونوں جماعتیں طالبان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے مخالف تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ایک بار پھر کراچی میں سنجیدہ سا منہ بنا کر ٹوپی ڈرامہ کیا ہے، قوم بول بچن اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں سے خبردار رہے، شہباز شریف اور عمران خان کی جماعت نے 2013ء کے انتخابات طالبان کی حمایت سے جیتے، پی پی پی کا مقابلہ طالبان کی حامی نون لیگ اور تحریک انصاف سے ہے۔ اپنے ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ قوم بول بچن اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں سے خبردار رہے، پی پی پی کا مقابلہ طالبان کی حامی نون لیگ اور تحریک انصاف سے ہے، شہباز شریف اور عمران خان کی جماعت نے دو ہزار تیرہ کے انتخابات طالبان کی حمایت سے جیتے، قوم کو اچھی طرح یاد ہے کہ دونوں جماعتیں طالبان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالات اور اداروں نے نواز شریف اور عمران خان کو طالبان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر مجبور کیا، ایک طرف شہباز شریف ہیں جو پہلے کی طرح جھوٹے وعدے کرکے قوم کو بیوقوف بنانے نکلے ہیں، دوسری طرف عمران خان ہیں جو منشور پر نہیں گالم گلوچ پر انتخابات لڑنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک بار پھر کراچی میں سنجیدہ سا منہ بنا کر ٹوپی ڈرامہ کیا ہے، نوے فیصد لوڈشنگ نہیں، بجلی ختم ہوگئی ہے، شہباز شریف ذرا لاہور سے باہر نکل کر دیکھیں، چند بڑے شہروں کے علاوہ پورا ملک اندھیروں میں ڈوبا ہے، شہباز شریف نام نہیں تو کم سے کم بیان ہی بدل دیں۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ کراچی کا امن نون لیگ کی نہیں پی پی پی کی سندھ حکومت، رینجرز اور پولیس کا کارنامہ ہے، نواز شریف نے امن و امان کے اجلاسوں میں سندھ حکومت کے ساتھ کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، وفاقی حکومت نے کراچی آپریشنز پر اٹھنے والے اخراجات میں اپنا حصہ تک نہیں دیا، نون لیگ کی وفاقی حکومت نے تو کراچی آپریشن کو بھی سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ایسے جھوٹے دعوے کرنے سے قبل اپنے دوست وزیر داخلہ چودھری نثار کے بیانات اٹھا کر دیکھ لیں، چودھری نثار نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی تھی، وزیر داخلہ چودھری نثار دہشتگردوں کو للکارنے کے بجائے سیاسی مخالفیں کو بلیک میل کرتے رہے، چودھری نثار کی تقاریر پارلیمانی ریکارڈ کا حصہ ہیں، شہباز کا جھوٹ اب نہیں چلے گا۔


خبر کا کوڈ: 733642

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/733642/پیپلز-پارٹی-کا-مقابلہ-طالبان-کی-حامی-نون-لیگ-اور-تحریک-انصاف-سے-ہے-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org