QR CodeQR Code

پاراچنار، جانبدار انتظامیہ افسران کو تبدیل کرکے انتخابات پاک آرمی کی نگرانی میں کرائے جائیں، امیدوار عنایت طوری

26 Jun 2018 20:57

عمائدین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت نے حالیہ دنوں جو تبادلے کئے تھے، اثر و رسوخ کے مالک جانبدار افسران نے اپنے تبادلے دوبارہ رکوا لئے ہیں اور اس قسم کےافسران کی موجودگی میں شفاف انتخابات ممکن نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار کے قبائلی رہنما عنایت طوری اور دیگر قبائلی عمائدین نے قبائلی علاقوں میں بھی ایک ہی روز قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جانبدار انتظامیہ افسران کو تبدیل کرکے انتخابات پاک آرمی کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ پاراچنار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی رہنما حلقہ این اے 46 سے امیدوار عنایت حسین طوری، ملک صدف علی، کونسلر اصغر حسین، حاجی سلطان حسین اور دیگر عمائدین نے کہا کہ ایک سال بعد قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے لئے الیکشن انہیں کسی صورت قبول نہیں، ملک کے دیگر علاقوں کی طرح قبائلی علاقوں میں بھی 25 جولائی کو ہی قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کے لئے بھی ووٹنگ کی جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلٰی کے انتخاب اور کابینہ کی تشکیل کے بعد قبائلی علاقوں سے منتخب ہونے والے ممبران صوبائی اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔ عمائدین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت نے حالیہ دنوں جو تبادلے کئے تھے، اثر و رسوخ کے مالک جانبدار افسران نے اپنے تبادلے دوبارہ رکوا لئے ہیں اور اس قسم کے افسران کی موجودگی میں شفاف انتخابات ممکن نہیں، اسلئے جن افسران کا تبادلہ ہوا ہے، انہیں فی الفور تبدیل کیا جائے اور انتخابات پاک فوج کی نگرانی میں کئے جائیں۔ عمائدین نے اسلام آباد میں قبائل کی جانب سے جاری دھرنے کی بھی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کیا۔


خبر کا کوڈ: 733839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/733839/پاراچنار-جانبدار-انتظامیہ-افسران-کو-تبدیل-کرکے-انتخابات-پاک-آرمی-کی-نگرانی-میں-کرائے-جائیں-امیدوار-عنایت-طوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org