0
Wednesday 27 Jun 2018 11:40

حکومت کیجانب سے بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں، چیئرمیں ایف بی آر کا بھی تبادلہ

حکومت کیجانب سے بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں، چیئرمیں ایف بی آر کا بھی تبادلہ
اسلام ٹائمز۔ رپورٹ کے مطابق اعلٰی بیورو کریٹس کے علاوہ اب تک 2 ہزار سے زائد صوبائی بیوروکریٹس کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 5 سالہ دور حکومت میں وفاقی کابینہ میں اپنے منظورِ نظر لوگوں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن نگراں حکومت اعلٰی بیورو کریسی میں تبدیلی کے معاملے پر ہچکچاہٹ کا شکار نظر آرہی ہے۔ اس حوالے سے 13 جون کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم سیکریٹریٹ اور الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو معمول کے تبادلے اور تقرریوں کے لئے ایک سمری ارسال کی گئی لیکن عبوری حکومت اس معاملے پر مداخلت کرتی نظر آئی، تاہم الیکشن کمیشن کے اصرار پر عبوری حکومت کی جانب سے کچھ بیوروکریٹس کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت انتخابات کی تاریخ مقرر ہونے کے ساتھ ہی حکومت کو سینئر کیڈرز میں تقرری اور تبادلوں سے متعلق الیکشن کمیشن سے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔

ادھر نگراں حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں پہلی تبدیلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے تقرر کئے گئے سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان، کامرس سیکرٹری یونس دھاگا اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ شعیب صدیقی کو شامل نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایسی کئی سرکاری خالی آسامیاں ہیں جہاں مسلم لیگ (ن) کے منظور نظر بیوروکریٹس کو گذشتہ 5 سال کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔ نگراں حکومت کی جانب سے کی گئی تبدیلیوں میں سب سے بڑی تبدیلی ایف بی آر کے چیئرمین طارق محمود پاشا کی، کی گئی اور انہیں سیکرٹری شماریات تعینات کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ رخسانہ یاسمین کو تعینات کیا گیا۔ واضح رہے کہ رخسانہ یاسمین تعیناتی کے بعد اس اہم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی پہلی خاتون سربراہ بن گئی ہیں جبکہ یہ دونوں شخصیات یکم جولائی سے اپنے عہدوں پر فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ صوبائی بیوروکریسی میں تبدیلی کو دیکھا جائے تو 3 انسپکٹر جنرلز (آئی جی) پولیس کو خصوصی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے آئی جی کیپٹن (ر) عارف نواز کو سیکرٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح چاروں صوبائی سیکرٹریز کو وفاقی سیکریٹریٹ میں جگہ دی گئی ہے اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، سابق چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن کو سیکرٹری پاور ڈویژن، سابق چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ایڈیشنل سیکرٹری (ان چارچ) اسٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجن تعینات کیا گیا۔ نگراں حکومت کی جانب سے کئے گئے تبادلوں میں سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن کا سیکرٹری جبکہ سیکرٹری توانائی یوسف نسیم کھوکر کو سیکرٹری داخلہ تعینات کیا گیا۔ اس کے علاوہ سیکرٹری داخلہ ارشاد مرزا کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ ایک اور سینئر بیورو کریٹ محمد جہانزیب خان کو سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ تعینات کیا گیا جو 4 جولائی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 733949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش