QR CodeQR Code

چھ مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے حکم نامے کی سپریم کورٹ نے توثیق کردی

27 Jun 2018 12:59

سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی مخالفت میں جسٹس سونیا سوتومایور نے کہا کہ تاریخ سپریم کورٹ کے آج کے اس غلط فیصلے کو اچھی نظر سے نہیں دیکھے گی اور نہ ہی ایسا کرنا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا کی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھ مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے حکم نامے کو مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اختیارات کے تجاوز قرار دیتے ہوئے دائر کی گئیں اپیلوں کو اکثریتی بنیاد پر مسترد کردیا تاہم اس فیصلے کی مخالفت کرنے والے ایک جج نے اپنے اختلافی نوٹ میں اس اقدام کو تاریخی غلطی قرار دے دیا۔ امریکا کی سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے اس فیصلے میں 5 ججوں نے صدر کے اقدام کے حق اور 4 نے مخالفت میں فیصلہ دیا، تاہم اس معاملے پر یہ فیصلہ ٹرمپ کی بڑی کامیابی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت سے فیصلہ آتے ہی ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس جان روبرٹس نے 5 اکثریتی معتدل ججوں کا فیصلہ تحریر کیا جس میں ٹرمپ کے نامزد نیل گورسچ بھی شامل ہیں۔ امریکی چیف جسٹس جان روبرٹس نے فیصلے میں تحریر کیا کہ صدر کو امیگریشن کے حوالے سے قوانین کا اختیار ہے جبکہ انھوں نے اس اقدام کو مسلمان مخالف قرار دینے کو بھی مسترد کردیا۔ انھوں نے فیصلے میں عمومی اور بالخصوص مسلمانوں کے حوالے سے ٹرمپ کے بیانات اور رویے کی توثیق نہیں کی اور کہا کہ ‘ہم نے اس پالیسی کی روح پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ گزشتہ دسمبر سے نافذالعمل ہے جب ججوں نے ٹرمپ کے اس فیصلے کو جزوی طور پر بحال کردیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی مخالفت میں جسٹس سونیا سوتومایور نے کہا کہ تاریخ سپریم کورٹ کے آج کے اس غلط فیصلے کو اچھی نظر سے نہیں دیکھے گی اور نہ ہی ایسا کرنا چاہیے۔ فیصلے کی مخالفت کرنے والے ججوں میں جسٹس سونیا سوتومایور کے علاوہ جسٹس اسٹیفن بریئر، جسٹس روتھ بیدر گینسبرگ اور ایلیانا کیگن بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے متنازع ایگزیکٹو حکم نامہ جنوری 2017 میں جاری کیا تھا جس کے مطابق سات مسلم اکثریتی ممالک کے تارکین وطن اور ویزا ہولڈرز پر امریکا میں داخلے کی 90 روز کی پابندی لگائی گئی تھی۔ بعد ازاں حکم نامے میں نظرثانی کرتے ہوئے ان میں سے عراق کے نام کو خارج کردیا گیا تھا تاہم ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کے لیے اس پابندی کو برقرار رکھا گیا تھا۔ دو ریاستوں کی درخواست پر امریکا کی وفاقی عدالت نے ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈرز کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے 7مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی ہٹانے کا حکم دیا تھا تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ امریکا کی سپریم کورٹ نے مقامی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پابندی کا فیصلہ جزوی طور پر بحال کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 733962

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/733962/چھ-مسلم-ممالک-کے-شہریوں-امریکا-میں-داخلے-پر-پابندی-حکم-نامے-کی-سپریم-کورٹ-نے-توثیق-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org