0
Wednesday 27 Jun 2018 15:20

متحدہ، پی ٹی آئی کا کراچی سے متعلق تضحیک آمیز بیان پر شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ

متحدہ، پی ٹی آئی کا کراچی سے متعلق تضحیک آمیز بیان پر شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے گزشتہ روز کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اہلیان کراچی سے متعلق شہباز شریف کا بیان ہتک آمیز ہے، شہباز شریف کو زبان اور الفاظ کے استعمال میں خیال برتنا چاہیے، شہباز شریف کے لب و لہجے میں تکبر اور غرور جھلک رہا تھا، جو اللہ کو بھی پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جب ووٹ چاہیے تو انہیں کراچی یاد آیا، اپنے دور اقتدار میں (ن) لیگ نے کراچی اور اس کے عوام کو کیا دیا، کراچی کے وسائل پر ڈاکہ اور اس کو نوچنے کیلئے ہر کوئی یہاں آ جاتا ہے، شہباز شریف مَردوں کی طرح کراچی کی حلقہ بندیوں اور مردم شماری میں کی گئی ناانصافی پر بات کریں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی جانب سے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے کراچی کو “کرانچی” کہہ کر اہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی، اہل کراچی کو “پان” کا طعنہ دے کر شہباز شریف نے طنز کے نشتر برسائے، “پان” ہماری ثقافت کا حصہ ہے، شہباز شریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں، ان کو علم نہیں کراچی والے بانیان پاکستان کی اولاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس اب کراچی سے الیکشن لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں، انہیں کراچی سے شکست فاش ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 734009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش