QR CodeQR Code

چیف جسٹس و ریاستی ادارے کالعدم جماعتوں کی الیکشن میں شرکت کا فوری نوٹس لیں، علامہ مقصود ڈومکی

28 Jun 2018 18:05

اپنے ایک بیان میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کالعدم دہشتگردوں کا تمام تر ریاستی اداروں کی آنکھوں کے سامنے الیکشن میں اہل قرار پا کر مہم شروع کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان میں کس قدر غیر سنجیدہ ہیں اور مقتدر قوتوں کو کس درجہ کالعدم جماعتوں کے لیڈران سے ہمدردی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کالعدم دہشتگرد جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کا عام انتخابات میں حصہ لینا نیشنل ایکشن پلان اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ریاستی ادارے اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ اپنے ایک بیان میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ کالعدم دہشتگرد جماعت کے ہاتھوں پاک فوج، پولیس، مساجد، امام بارگاہوں اور عوامی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ انسان مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سرغنہ اور سہولت کار اسمبلی میں پہنچ کر دہشتگردی اور پاکستان میں فرقہ وارانہ منافرت اور قتل و غارتگری کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشتگردوں کا تمام تر ریاستی اداروں کی آنکھوں کے سامنے الیکشن میں اہل قرار پا کر مہم شروع کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان میں کس قدر غیر سنجیدہ ہیں اور مقتدر قوتوں کو کس درجہ کالعدم جماعتوں کے لیڈران سے ہمدردی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اب یہ بات سمجھنا کوئی زیادہ مشکل نہیں کہ آخر کیوں اس ملک سے تکفیری سوچ اور دہشتگردی ختم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دہشتگردوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے کر ہزاروں شہداء کے خون سے غداری کی ہے۔ صوبائی سیکرٹری جنرل نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اورنگزیب فاروقی، احمد لدھیانوی، رمضان مینگل، مسرور جھنگوی سمیت تمام دہشتگردوں کے کاغذات نامزدگی رد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 734310

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/734310/چیف-جسٹس-ریاستی-ادارے-کالعدم-جماعتوں-کی-الیکشن-میں-شرکت-کا-فوری-نوٹس-لیں-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org