0
Thursday 28 Jun 2018 21:29

کراچی کی 352 عمارتیں مخدوش اور حساس قرار

کراچی کی 352 عمارتیں مخدوش اور حساس قرار
اسلام ٹائمز۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مون سون کی بارشوں میں کسی بھی بڑے سانحے سے محفوظ رکھنے کیلئے شہر قائد کی 352 عمارتوں کو مخدوش اور حساس قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، اس ضمن میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کسی بھی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر کی 450 عمارتوں کو انتہائی حساس قرار دیا۔ ترجمان ایس بی سی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی میں حساس عمارتوں کی تعداد 352 ہے، جن میں سے صدر ٹاؤن میں 243، لیاری 40 اور لیاقت آباد میں 27 عمارتیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں 80، میرپورخاص میں 7، سکھر میں 7، لاڑکانہ میں 7 عمارتیں مخدوش ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

اتھارٹی کی جانب سے مذکورہ عمارتوں کے مکینوں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ سوک سینٹر کراچی میں ایک شکایتی سیل بھی قائم کر دیا گیا۔ ایس بی سی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور کسی بھی بڑے حادثے سے محفوظ رہنے کیلئے فوری طور پر عمل کریں۔ واضح رہے کہ کراچی اور سندھ میں سینکڑوں مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جو کسی بھی وقت سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، متبادل انتظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام خستہ حال عمارتوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ خیال رہے کہ شہر کراچی میں اب تک مخدوش عمارتوں کے زمین بوس ہونے کے کئی واقعات رونما ہو چکے، جن میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے میں اب تک ناکام رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 734353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش