0
Friday 29 Jun 2018 02:20

پاکستان سمیت دہشتگردوں کو پناہ دینے والے کسی ملک کو قبول نہیں کرسکتے، امریکہ

پاکستان سمیت دہشتگردوں کو پناہ دینے والے کسی ملک کو قبول نہیں کرسکتے، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے تعاون کر رہا ہے، لیکن واشنگٹن دہشت گردوں کو پناہ دینے والے کسی ملک کو قبول نہیں کرسکتا۔ نکی ہیلی نے بھارتی تھنک ٹینک آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے اراکین کو بتایا کہ ہم پاکستان پر ماضی سے بھی زیادہ دباؤ ڈال رہے ہیں اور ہمیں ان سے تبدیلیوں کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان پالیسی میں کامیابی کے لئے پاکستان کا تعاون کلیدی کردار ادا کرے گا، ملک پر واشنگٹن اور افغان حکومت کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ افغان حکومت نے افغانستان میں حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں پناہ دینے کا الزام لگایا تھا، جس کی اسلام آباد کی جانب سے تردید کی گئی تھی۔

قبل ازیں نکی ہیلی نے نئی دہلی میں ایک ہندو مندر، سکھوں کے گردوارے، مسجد اور ایک چرچ کا دورہ کیا تھا۔ نکی ہیلی نے بھارتی ریاست پنجاب کے شمالی حصوں سے آئے سکھ زائرین میں روٹیاں تقسیم کیں۔ بھارت کی سب سے بڑی مسجدوں میں سے ایک جامع مسجد کا دورہ کرنے کے بعد نکی ہیلی نے وہاں باہر بیٹھے ایک بچے سے بات چیت بھی کی۔ واضح رہے کہ نکی ہیلی 2017ء میں اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر بننے کے بعد بھارت کے پہلے دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران نکی ہیلی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات بھی کی۔ نکی ہیلی نے اس سے قبل 2014ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا، جب وہ جنوبی کیرولینا ریاست میں گورنر کے عہدے پر فائز تھیں۔
خبر کا کوڈ : 734380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش