0
Friday 29 Jun 2018 17:33

کراچی، فاروق ستار اور پی ٹی آئی امیدوار خرم شیر زمان کو بھی ووٹرز نے گھیر لیا

کراچی، فاروق ستار اور پی ٹی آئی امیدوار خرم شیر زمان کو بھی ووٹرز نے گھیر لیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار اور تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان کو انتخابی مہم کے دوران ووٹرز نے آ گھیرا۔ عام انتخابات کی آمد آمد ہے اور سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنے اپنے حلقوں کا دورہ کررہے ہیں لیکن اس بار سیاسی رہنماؤں کو اپنے حلقے کے لوگوں کی طرف سے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے بعد اب ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے امیدوار بھی ووٹرز کے غصے کا شکار ہوگئے ہیں۔

خرم شیر زمان سے شکوے
کراچی سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 110 سے تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان ووٹ مانگنے کے لئے پمفلٹ لے کر اپنے حلقے میں نکلے جہاں ایک موبائل فون کی دکان پر موجود ووٹر نے انہیں کھری کھری سنادیں۔ خرم شیر زمان کی جانب سے پمفلٹ دینے پر ووٹر نے ان سے شکوہ کیا اور سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ ووٹر نے خرم شیر زمان سے کہا کہ پانچ سال آپ ٹھنڈی گاڑی، اسمبلی اور گھر میں بیٹھے رہے، آپ کو ووٹ دے کر ایوان میں بٹھانے کا مقصد یہ نہیں تھا، آپ نے پانچ سالوں میں ہمارے لئے کیا کیا؟ ووٹر کے شکوؤں پر خرم شیر زمان جواب دینے کی کوشش کرتے رہے لیکن ووٹر کے شکوے شکایات کے بعد پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ آپ کا دل چاہے تو ووٹ دیں، دل نہ چاہے تو نہ دیں، اور پھر چلے دیئے۔

فاروق ستار کو مسجد میں نمازیوں نے گھیر لیا
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے اپنے حلقے کھارادر کا دورہ کیا اور میمن مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ فاروق ستار جیسے ہی نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باہر آئے تو انہیں کچھ لوگوں نے گھیر لیا اور شکوے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ ایک شہری نے فاروق ستار سے کہا کہ ’اللہ سے مانگو فاروق ستار’۔ ووٹرز کے شکوے شکایتوں پر فاروق ستار نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ اس بار ہم ٹھیک طریقے سے کام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 734426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش