0
Friday 29 Jun 2018 21:15

25 جولائی کے انتخابات، ایم ایم اے پاکستان کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گی، قاری عثمان

25 جولائی کے انتخابات، ایم ایم اے پاکستان کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گی، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما اسلام کے صوبائی نائب امیر اور پی ایس 114 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار قاری محمد عثمان نے کہا کہ پورا کراچی خصوصا شیر شاہ کالونی پاک کالونی، سائٹ ایریا کھنڈرات بن کر رہ گیا ہے، یہاں کے عوام گزشتہ 8 سال سے پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پہلے کے ای ایس سی اور اب کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام جینا حرام کردیا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ وہ جامعہ عثمانیہ شیر شاہ میں علاقہ معززین کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک کسی بھی الیکشن میں پی ایس 114 کے علاقوں سے ایم پی اے اور ایم این اے منتخب نہیں ہوئے یہی وجہ ہے کہ یہ علاقے ہمیشہ انسانی بنیادی حقوق سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کے 22 کروڑ مسلمانوں کی حقیقی ترجمان اور نمائندہ ہے، 25 جولائی کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پاکستان کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور اس ملک سے جہالت، کرپشن، لوٹ مار، قتل و غارت گری، بدامنی، بھتہ خوری، لوڈشیڈنگ، پانی کے بحران کو ختم کرکے اس ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنا کر دم لے گی۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ ایم ایم اے کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں اور محبتوں کا شہر بنائے گی، کراچی جو مختلف اقسام کے پھولوں کا گلدستہ تھا جو گزشتہ کئی سالوں سے قتل و غارت گری سے بری طرح متاثر ہوکر نفرتوں میں تقسیم ہوکر رہ گیا، جہاں ہر طرف خون کی ہولی کھیلی گئی، علماء کرام سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کا قتل عام کیا گیا، آج تباہ حال کراچی کو اسی صورت میں سابقہ پوزیشن پر لایا جاسکتا ہے، اہل کراچی دینی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کتاب پر مہر لگا کر مغربی کلچر اور برہنہ سیاست کا خاتمہ کرکے یہ ثابت کریں کہ کراچی غلامان مصطفی ﷺ کا شہر ہے، اہل کراچی اسلام کی سربلندی، ناموس رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کیلئے متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 734507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش