2
0
Saturday 30 Jun 2018 01:59

مجلس وحدت مسلمین نے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا

مجلس وحدت مسلمین نے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا
 اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنا انتخابی منشور پیش کر دیا۔ انتخابی منشور کا عنوان ’’ایم ڈبلیو ایم کا اعلان ہم بنائیں گے قائد و اقبال کا پاکستان‘‘ ہے، مرکزی دفتر ایم ڈبلیو ایم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین منشور کمیٹی نثار علی فیضی کا کہنا تھا کہ ہم وطن عزیز کو قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ اقبال کے ویژن کے مطابق پرامن اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے جدوجہد کا اعلان کرتے ہیں۔ قائد و اقبال کا پاکستان ایک ایسا پاکستان ہے، جہاں بالادست طبقہ غریب عوام، بے آسرا لوگوں اور اقلیتوں کا استحصال نہ کرسکے۔ پاکستان میں بسنے والے عوام کو بلاتفریق نسل، زبان، مذہب، علاقائی تعلق اور صنفی امتیاز کے ترقی کے برابر مواقع میسر ہوں، جہاں حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہوں اور جہاں انداز حکمرانی سادہ ہو۔ نثار فیضی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کا منشور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔ ہم پاکستان کی قومی خود  مختاری اور سالمیت پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہم ملک میں ناامنی، شدت پسندی اور تکفیریت کے خلاف ہیں اور اس کے سدباب کے لئے کوشش جاری رکھیں گے۔ باوقار اور خودمختار خارجہ پالیسی ملکی عزت اور سالمیت کے لئے ناگزیر ہے، کرپشن ناصرف ملکی ترقی کے لئے ناسور بن چکی ہے بلکہ داخلی سلامتی کے لئے بھی خطرہ ہے۔

قومی احتساب بیورو کو مکمل طور پر انتظامی اور مالی حوالے خودمختار بنائیں گے۔ یہ ایک غریب دوست منشور ہے اور اس میں ملکی معاشی مشکلات کا راہ حل بھی موجود ہے۔ ہم ملک میں تعلیمی اور معاشی ایمرجنسی کے نفاذ کے لئے کوششیں کریں گے، بےروزگاری ہمارے ملک کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ سرکاری نوکریاں دے کر اس مسئلے کو ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا، پرائیوٹ سیکٹر کو مزید آسانیاں دینا ہوں گی، توانائی کا بحران ملکی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، ہم توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے متفقہ قومی پالیسی لائیں گے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک دینی اور نظریاتی تحریک بھی ہے، جو کہ وطن عزیز میں صالح اور محب وطن نمائندوں کو ایون اقتدار کا حقدار سمجھتی ہے۔ ہم آئین پاکستان کے مطابق قانون و انصاف کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات سمجھتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے ملک کے تمام صوبوں سے اپنے امیدواران کھڑے کئے ہیں، پنجاب کی سطح پر ہمارا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی الائنس ہوا ہے۔ دوسرے صوبوں میں بھی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 734523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مرسوم یه ہے که انتخابی منشور گروه کا سربراه هی اعلان کرتا ہے، کیا راجه صاحب کی چهٹی تو نہیں کرا دی گئی، جو فیضی جیسے بچے منشور کا اعلان کر رہے ہیں؟!!!!
Pakistan
برادر یہ کہاں فرض کر لیا گیا ہے کہ جماعت کا سربراہ ہی منشور پیش کرتا ہے۔ منشور کمیٹی بنائی گئی اور اسی منشور کمیٹی کے سربراہ نے ہی منشور پیش کر دیا۔ ویسے تو ہر بات میں کیڑے نکالے جاسکتے ہیں۔
ہماری پیشکش